فلسطینی اتھارٹی 2 ریاستی حل کو رد کرچکی ہے، مقررین

May 17, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امامیہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں 16 مئی کوʼʼ امریکا مردہ باد و نامنظور اسرائیل ریلی‘‘ کے عنوان سے منایا گیا، اس سلسلے میں مرکزی ریلی نمائش چورنگی سے کراچی پریس کلب تک نکالی گئی، جس میں رہنما پاک سرزمین پارٹی ارشد وہرہ، شیعہ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا مرزا یوسف حسین، شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا ناظر عباس تقوی، مجلس وحدت المسلمین کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق جعفری، علامہ رضی حیدر، علامہ صادق تقوی،صدر آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن شرجیل گوپلانی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناظر عباس تقوی کا کہنا تھا کہ 14 مئی کے دن اسرائیل کا ناپاک وجود عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی طرح گھونپا گیا اور امریکا نے ناجائز وجود کو نہ صرف سفارتی سطح پر تسلیم کیا بلکہ دوسرے کمزور ممالک کو بازور قوت تسلیم کروایا، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو وجود میں لانے کا سب سے بڑا سبب امریکا اور برطانیہ آج بھی اقوام متحدہ میں اس کے حامی اور پشت پناہ ہیں، شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے مسئلہ فلسطین سے متعلق 2 ریاستی حل کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت کی 2 ریاستی حل کی پالیسی نظریہ پاکستان اور قائد اعظم کے اصولوں سے انحراف ہے، جبکہ دوریاستی حل کو اب فلسطینی اتھارٹی بھی رد کرچکی ہے، دیگر مقررین نے واضح کیا کہ فلسطین کے مسئلہ کا واحد حل مقاومت ہے، لیکن بہت سے ایسے اسلامی ممالک بھی ہیں جو مقاومت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور ڈپلومیسی کا راستہ اختیار کرکے مسئلہ فلسطین کو طول دے کر اسرائیل کو مزید طاقتور کررہے ہیں۔