وزیر نجکاری تبدیل کرنے پر غور، چیئرمین نجکاری کمیشن کو تبدیل کرنیکا اصولی فیصلہ

May 17, 2021

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وزیر نجکاری کو تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے، جب کہ چیئرمین نجکاری کمیشن کو تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نجکاری کا عمل کوروناوائرس کی وبا اور نیب کے خوف کی وجہ سے سست روی کا شکار ہوا۔ تفصیلات کے مطابق، حکومت وزارت نجکاری میں بنیادی تبدیلیاں کرنے پر غور کررہی ہے اور اس حوالے سے مختلف طریقہ کار پر غور کیا جارہا ہے۔ یہ بات بھی زیر غور ہے کہ موجودہ وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کو ہٹایا جائے اور نیا چیئرمین نجکاری کمیشن لگایا جائے۔ چیئرمین نجکاری کمیشن کے لیے مختلف نام زیرغور ہیں ان میں معروف بینکر سلطان علی الانہ کا نام سرفہرست ہے۔ باوثوق ذرائع نے دی نیوز کو تصدیق کی ہے کہ حکومت نے وزارت نجکاری میں بنیادی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے کیوں کہ نجکاری کا عمل مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں گزشتہ تین برس میں ناکام رہا ہے۔ سلطان علی الانہ نے بھی حالیہ ہفتوں میں اسلام آباد کا دورہ کیا ہے اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کی ہیں۔ اس حوالے سے جب حکومت کے اعلیٰ عہدیدار سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں مشاورت جاری ہے تاہم، یہ وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کہ موجودہ وزیر نجکاری کو تبدیل کیا جائے گا یا پھر وہ اپنی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے۔ تاہم، یہ بات یقینی ہے کہ نجکاری کمیشن کے نئے چیئرمین کی تقرری کی جائے گی اور انہیں یہ ذمہ داری دی جائے گی کہ وہ پی ٹی آئی کے باقی ماندہ دور حکومت میں نجکاری کا عمل تیز کریں۔ اس نمائندے نے ایک اور اعلیٰ عہدیدار سے بھی رابطہ کیا تو اس کا کہنا تھا کہ نجکاری کا عمل کوروناوائرس کی وبا اور نیب کے خوف کی وجہ سے کی وجہ سے سست روی کا شکار ہوا۔ یہی وجہ تھی کہ کوئی بھی مقامی سرمایہ کار سرکاری ملکیتی جائدادوں اور اثاثوں میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں تھا۔ وزیرخزانہ کی تبدیلی اور شوکت ترین کی تقرری سے یہ امید ہوگئی تھی کہ وہ سرکاری ملکیتی کمپنیوں پر توجہ دیں گے اور فیصلہ کریں گے کہ کیا خسارے میں جانے والی کمپنیوں کی درستی کی جائے یا ان کی نجکاری کردی جائے تاکہ قومی خزانے کو پہنچنے والے اس بڑے خسارے سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔ سلطان علی الانہ حبیب بینک لمیٹڈ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز فروری، 2004 سے ہیں۔ ان کا بینکنگ اور فنانشل سیکٹر میں 35 سال کا تجربہ ہے۔ وہ بورڈز آف آغا خان فنڈز برائے معاشی ترقی، اے کیو اے ہولڈنگ ایس پی اے، گیزر ایس پی اے، علی سردہ ایس پی اے، جوبلی ہولڈنگز لمیٹڈ (مشرقی افریقا)، جوبلی لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ، انڈسٹریل پروموشن سروسز (پاکستان) لمیٹڈ اور ٹورازم پروموشن سروسز (پاکستان) لمیٹڈ میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔