’’بیگانی شادی میں عبدﷲ دیوانہ‘‘ اسرائیل کی حمایت پر بھارت کو سبکی

May 17, 2021

مقبوضہ بیت المقدس (جنگ نیوز )اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے اتوار کو ایک ٹویٹ میں اسرائیل کی حمایت کرنے والے 25 ممالک کا شکریہ ادا کیا مگر اس میں بھارت کا نام شامل نہیں تھا۔بھارت کیلئے بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ کے فقرے کسے جارہے ہیں،بھارت میں نہ صرف اسرائیل کی حمایت میں ٹویٹس کی جا رہی ہیں بلکہ کئی لوگ فلسطینیوں کی حمایت بھی کر رہے ہیں۔

اس مسئلے پر بھارتی رائے عامہ تقسیم کی شکار ہے۔نیتن یاہو نے اپنی ٹویٹ میں 25 ممالک کے پرچم لگائے جس میں امریکہ، البانیہ، آسٹریلیا، آسٹریا، برازیل، کینیڈا، کولمبیا، قبرص، جارجیا، جرمنی، ہنگری، اٹلی، سلووینیا اور یوکرین شامل ہیں۔

اُنھوں نے لکھا: ʼآپ سب کا شکریہ کہ آپ نے ہمارے حقِ دفاع کی حمایت کی اور اسرائیل کے ساتھ قدم ملا کر کھڑے ہوئے۔بھارت میں #IStandWithIsrael کا ہیش ٹیگ گذشتہ کئی روز سے مسلسل استعمال کیا جا رہا ہے۔

بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے کئی بڑے رہنماؤں نے بھی اس ہیش ٹیگ کے ذریعے اسرائیل کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی بہار کے صدر ڈاکٹر سنجے جیسوال نے ٹوئٹر پر لکھا: ʼہر ملک کو اپنا دفاع کرنے کا حق ہے۔ میں اسرائیل کے ساتھ ہوں۔دیگر کچھ رہنماؤں نے بھی ایسی ہی ٹویٹس کیں۔