60 ارب روپے کے آر 3 کی تباہی، پسوال زگ زیگ کا طبعی طور پر وجود نہیں

May 17, 2021

اسلام آباد (طارق بٹ) 60 ارب روپے کے آر3 کی تباہی، پسوال زگ زیگ کا طبعی طور پر وجود نہیں ہے۔ کمشنر راولپنڈی گلزار شاہ کی تیار کردہ رپورٹ میں آر 3الائنمنٹ میں غلط کاموں کا اعتراف کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، راولپنڈی رنگ روڈ (آر3) کے مجوزہ پسوال روڈ حصے پر 4.5 کلومیٹر تک کوئی زگ زیگ نہیں ہے، جیسا کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ، سرکاری دستاویزات اور نیسپاک اور گوگل میپ کے تیار کردہ الائنمٹ سے ظاہر ہوتا ہے۔ کمشنر راولپنڈی گلزار شاہ کی تیار کردہ اقلیتی رپورٹ جسے حکومت نے عمل درآمد کے لیے قبول کیا ہے۔ اس رپورٹ میں آر3 الائنمنٹ میں غلط کاموں کا اعتراف کیا گیا ہے۔ ایم ون موٹر وے پر ہاکلا سے اسلام آباد این 5، سنگجیانی تک، جسے جی ٹی روڈ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ غلط کام ہوا ہے۔ اس 4.5 کلومیٹر طویل سیکشن کو پسوال زگ زیگ کہا جاتا ہے۔ پرپوزل درخواست کے تکنیکی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیسپاک نے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے لیے 4.5 کلومیٹر سیکشن ڈیزائن کیا تھا جو کہ زگ زیگ طرز کا تھا۔ نیسپاک کی سفارش کردہ رائٹ آف وے (رو) 200 فٹ ہے، جب کہ تجویز دی گئی کہ موجودہ پسوال روڈ کا 88 فٹ استعمال کیا جائے۔ جب کہ باقی ماندہ زمین ہائوسنگ سوسائٹیز اور مقامی زمین مالکان سے حاصل کیا جائے۔ گوگل ویو سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ علاقے میں آبادی بہت زیادہ ہے، جس سے کوئی اور راستہ نہیں بچتا۔ ایک سینئر عہدیدار کے مطابق وینچر کے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) صرف پنجاب کے حصے کی الائنمنٹ کا ذمہ دار تھا، جب کہ آخری 1.4 کلومیٹر حصے کی ذمہ داری سی ڈی اے کی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی تھی کہ اس حصے کی الائنمنٹ کا فیصلہ اور زمین کے قبضے کا فیصلہ سی ڈی اے کرے گا، جس نے اب تک کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ پنجاب کے حصے کے 3.2 کلومیٹر کی زمین جو کہ پسوال روڈ پر ہے اسے حاصل نہیں کیا گیا ہے اور نا ہی کسی زمین کے مالک کو ادائیگی کی گئی ہے۔ سرکاری دستاویزات سے واضح ہوتا ہے کہ آر3 کے پسوال روڈ الائنمنٹ پر کوئی زگ زیگ نہیں ہے اور روڈ سیدھا ہے، جو کہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے لیے ہے۔ سنگجیانی سے گزرنے والی مجوزہ 1.4 کلومیٹر کو حاصل نہیں کیا گیا ہے اور سی ڈی اے نے کوئی الائنمنٹ بھی نہیں کی ہے۔ سی ڈی اے رکن، پلاننگ اینڈ ڈیزائن نے آر ڈی اے کو لکھے گئے اپنے خط میں کہا ہے کہ یہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے کیا جانا تھا۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ آر 3 کی تجویز 6 لین کی تھی۔ تاہم، کمشنر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پسوال کے اس حصے میں کوئی سروس روڈ نہیں ہے۔ یہ صوبائی حکومت کا روڈ ہے جس کی 88 فٹ رو ہے۔