مخالفین ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی سیاست کر رہے ہیں ، گور نر سرور

May 17, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ حکومتی مخالفین ملکی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی سیاست کر رہے ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹنے والے لیڈرنہیں۔ اسلامی ممالک کو اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن حکمت عملی بنانا ہوگی معصوم فلسطینیوں کے قتل پر خاموش رہنے والے بھی کسی مجرم سے کم نہیں ہونگے۔یورپی یونین کو ملکی برآمدت میں1.1ارب ڈالرز کا اضافہ پاکستان کی معاشی ترقی کا ثبوت ہے ۔ وہ گزشتہ روزگور نر ہائوس لاہور میں تحر یک انصاف کے ایم این ایز ایم این ایز کر امت کھوکھرʼراحت امان اللہ ʼایم پی ایز امین چوہدری ʼملک ندیم بارا اور وزیر اعلی ٰکے کوارڈی نیٹر عون چوہدری سمیت دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن سے ملکی ترقی اور استحکام برداشت نہیں ہورہامگر پاکستانی عوام حکومت کیساتھ کھڑے ہیں ہم نہ صرف آئینی مدت پوری کر یں گے بلکہ ملک وقوم سے کیے جانیوالے وعدوں پر بھی مکمل عمل کیا جائے گا اور ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان معاشی شعبے میں درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور کورونا وباء کے باوجود یورپی ممالک کو پاکستان کی بر آمدت میں اضافہ ہو رہا ہے عالمی بنک سمیت دیگر ادارے بھی پاکستان میں احساس پروگرام سمیت دیگر حکومتی منصوبوں میں شفافیات اور میرٹ کی تعریف کر رہے ہیں ۔