حب چوکی پر کسٹمز کی لوٹ مار،ملکی پھلوں و سبزیوں کے ٹرکوں سے پیسوں کی وصولی

May 17, 2021

کوئٹہ ( پ ر )حب چوکی پر کسٹم والوں کیلوٹ مار کا سلسلہ شروع ہے پھل اور سبزی والوں کے ساتھ ظلم اور زیادتی ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل بلوچستان نیشنل فروٹ اینڈ ویجیٹیبل کمیشن ایجنٹس ایسوسی ایشن رجسٹرڈ ہزارگنجی کے صدر حاجی رفو گل بڑیچ جنرل سیکریٹری ،مارکیٹ کمیٹی ممبر،پاک ایران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینیر وائس پریزیڈنٹ حاجی شیر علی بنگلزئی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وندر کسٹم کے اہلکاروں نے رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے ملکی پھل اور سبزی کو غیر ملکی قرار دے کر 3000ہزارروپے فی گاڑی بٹورے جا رہے ہیں ۔ پیسے نہ دینے کی صورت میں پھل اور سبزی کو غیر ملکی قرار دیدیا جاتا ہے اور جیب گرم ہو جانے کی صورت میں وہیپھل اور سبزی ملکی ہو جاتی ہے۔ایسوسی ایشن کے ممبران نے کسٹم کے اعلی حکام سے پرزرو اپیل کی ہے کہ کسٹم کے اس نا روا رویہ سے تاجروں کو نجات دلائی جائے۔ اور اگر لوٹ مار کا یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو ایسوسی ایشن احتجاج سمیت دیگر اقدامات پر مجبور ہو گی۔