شہید صحافی کے اہل خانہ سےشہریوں کا اظہار یک جہتی

May 17, 2021

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر )شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے اہلخانہ نے عید آہوں اور سسکیوں میں گزار دی ۔ عیدکے تینوں روز شہریوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شہید کی رہائش گاہ جا کر متاثرہ خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق 24اپریل کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر فائرنگ سے شہید ہونےوالے مقامی روزنامہ کے سب ایڈیٹر اور رپورٹر شہید عبدالواحد رئیسانی کی پہلی عید پر ان کے عزیز و اقارب رئیسانی قبیلے سمیت سینکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے ان کی رہائش گاہ واقعہ قمبرانی روڈ کلی کشمیر آباد جا کر لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی درجات کی بلندی کے لئے دعا کی جبکہ عید کے پہلے روز شہید کے اہل خانہ عزیز و اقارب رئیسانی قبیلے کے معتبرین ، سینئر صحافی رہنماؤں سمیت کوئٹہ کے مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شہید کی قبر پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔