ہسپتال میں آکسیجن کا بڑا ٹینک نصب کردیا گیا، نورالواحدجدون

May 17, 2021

پشاور( وقائع نگار )الخدمت ہسپتال نشترآباد پشاور میں کوروناآئسولیشن وارڈ میں آکسیجن کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ہسپتال میں آکسیجن ذخیرہ کرنےکا بڑا ٹینک نصب کردیا گیا جس سے نہ صرف الخدمت آئیسولیشن سنٹر میں زیر علاج مریضوں کو بلاتعطل آکسیجن کی فراہمی یقینی ہوگی بلکہ ہسپتال میں کئی ہفتوں کا سٹاک بھی موجود رہے گا۔الخدمت فاونڈیشن خیبر پختونخوا کے ترجمان نورالواحدجدون کے مطابق کورونا وباء کی تیسری لہر میں شدت سے پیدا شدہ صورتحال کے بعد پشاور کے تینوں بڑےتدریسی ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لئے مختص نوے فیصد بیڈز بھرجانے اور ہسپتالوں میں بیڈز کی عدم دستیابی کے شدید خطرات کے پیش نظرالخدمت فاونڈیشن نے رمضان المبارک کے آغاز پر پشاور شہر کے قلب میں واقع الخدمت ہسپتال نشتر آباد میں 25بیڈز پر مشتمل سپیشل کورونا کیئر یونٹ کا آغاز کردیاھے جس میں جدید وینٹی لیٹرز،سپیشل پیشنٹ مانیٹریونٹ،سی پیک مشین،آکسیجن اور کورونا کی تشخیص کے لئے پی سی آر ٹسٹ سمیت دیگر متعلقہ تشخیصی ٹسٹوں کے علاوہ تجربہ کار ڈاکٹروں اور طبی عملہ پر مشتمل سٹاف 24گھنٹے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی نگہداشت کے لئے دستیاب ہیں۔ہسپتال میں مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی کے لئے بڑا ٹینک نصب کردیا گیا ھے جس سے مریضوں کو آکسیجن کی بلاتعطل فراہمی کا عمل یکسوئی کے ساتھ جاری ھے۔اب تک الخدمت ہسپتال نشترآباد سے کورونا کے مرض میں مبتلا50سے زائد مریض صحت یاب ھو کر گھروں کو جاچکے ہیں۔