حکومت معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے، قوم اور ملک کی ترقی اولین ترجیح ہے،وزیر جنگلات

May 17, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر جنگلات ، ماحولیات اور جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معاشرے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے وزیر اعظم کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ قوم اور ملک کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے ، ہم ایک مشنری جذبے کے تحت کام کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ہم تمام مشکلات اور مسائل کے حل میں کامیاب ہو جائیں گے ہماری خدمات بلاتفریق ہیں اور سب کے لئے یکساں ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم ، صحت ، پینے کی صاف پانی ، گیس و بجلی اور مواصلات جیسی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنارہی ہیں میرے حلقہ نیابت میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبو ں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے یہاں خوشحالی کا انقلاب آجائے گا احساس پروگرام اور صحت کارڈ کی سہولیات ہماری انقلابی اقدامات ہیں جس کی دنیا معترف ہے اور مخالفین بھی اس کی تائید کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی تمام مشینری عمران خان کی مثبت سوچ کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف ہے۔