لاک ڈاون کے باوجود کاروبار کھولنے پر 71دکانیں سیل

May 17, 2021

پشاور(وقائع نگار) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ پشاور، پاک آرمی اور محکمہ پولیس کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا اس دوران سیفٹی ماسک استعمال نہ کرنے پر 235 افراد گرفتار کر لیا گیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) عمران خان، پاک آرمی اور پولیس افسران کے ہمراہ جی ٹی روڈ اور یونیورسٹی روڈ پر بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی، پاک آرمی اور محکمہ پولیس کے افسران کے ہمراہ صدر کے بازار وں کا معائنہ کیا جس میں لاک ڈاون کے باوجود کاروبار کھولنے پر 71 دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ دیگر ضلعی انتظامی افسران نے اپنے علاقوں میں پاک آرمی اور پولیس افسران کے ہمراہ بازار وں کا معائنہ کرتے ہوئے کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا، ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے تاجروں پرزور دیا کہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد کریں، ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کریں اور ملاوٹ سے گریز کریں اور بازاروں میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرتے ہوئے سیفٹی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔