لاک ڈاؤن خلاف ورزی پر3307افراد اور 515گاڑیاں بند

May 17, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے 8 سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 3307 افراد جبکہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ بندش کے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر 515 گاڑیوں کو ٹرمینل میں بند کردیا ہے اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں میں کورونا سے بچاؤ کے لئے ماسک اور سینی ٹائزر بھی تقسیم کئے۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی اور چیف کیپٹل پولیس عباس احسن کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان کی زیر نگرانی 8 مئی سے 16 مئی تک سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے شہر کے تمام سیکٹروں میں ماسک استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ہے جس کے تحت 3307 افراد پر جرمانے عائد کئے ہیں جبکہ بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ بندش کے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پر 515 گاڑیوں کو ٹرمینل میں بند کردیا گیا ہے اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں میں کورونا سے بچاؤ کے لئے 4510 ماسک اور 56 سینی ٹائزر تقسیم کئے۔ واضح رہے کہ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر میں کورونا وائرس سے بچنے کے لئے آگاہی مہم کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے ماسک نہ پہننے اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹروں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ‘ محکمہ صحت اور پولیس فورس کی طرح ٹریفک پولیس پشاور بھی وباء کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات پر ہر صورت میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو ماسک کے استعمال کا پابند بنائیں اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔