کچھ تو ہے جس سے ہوئی جاتی ہے چلمن رنگیں...

May 23, 2021

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل : وجیہہ اختر

ملبوسات: ٹی ۔ایس کلیکشن بائے تسلیم شاہد

آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی: ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

عیدالفطر کے بعد عموماً عید ملن پارٹیز اور شادی بیاہ کی تقریبات کا خوشیوں بَھرا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے اور خاص طور پرلڑکیوں بالیوں کی تو یہی کوشش ہوتی ہے کہ خُوب سج دھج کے ایسے پُر مسرت موقعے کو یادگار بنائیں،مگر افسوس کہ گزشتہ برس کی طرح اِمسال بھی وہ پہلے جیسی رونقیں ہیں ،نہ بڑے پیمانے پر کسی تقریب کے اہتمام کی اجازت۔ مگر محبّتوں، چاہتوں کی آب یاری کے لیے ایس او پیز کا خاص خیال رکھتے ہوئے ایک چھوٹی سی عید ملن پارٹی پر اپنے پیاروں کو مدعو کرنےیا ایسی کسی پارٹی میں شرکت میں کوئی مضائقہ نہیں۔ تو لیجیے،ہم نے بھی اِسی مناسبت سے آج اپنی بزم کچھ حسین ودِل کش اور جدید اندازِ پیراہن سے مرصّع کردی ہے۔

ذرا دیکھیے، فون رنگ ساٹن سِلک اسٹرائپڈ پرنٹڈ ٹراؤزر اور عنّابی رنگ اجرک پرنٹڈقمیص کیسی پیاری لگ رہی ہے۔ قمیص پر جابجا موتی،نگوں کی آرایش نے لباس کے حُسن کو چار چاند لگا دیئے ہیں،تو ساتھ پلین عنّابی سِلکی دوپٹا بھی خُوب جچ رہا ہے۔ اسی طرح پستئی رنگ پیراہن کی دِل آویزی بھی کمال ہے کہ باٹم ایمبرائدرڈ ٹراؤزر کے ساتھ قمیص اور نیٹ دوپٹے کا لُک ہی الگ ہے۔ قمیص پر زری کے ساتھ نگ ورک اور دوپٹے پر ملٹی شیڈڈ تھریڈ ورک خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔

پھر فون ٹراؤزر کے ساتھ پلین سیاہ قمیص بھی بھلی لگ رہی ہے۔ قمیص کے گلے اور آستینوں کے باٹم پر سلمے دبکے کا بھرا بھرا کام ہے،تو سُرخ رنگ کروشیا بیل سے آراستہ فون رنگ آرگنزا دوپٹے کا انتخاب بھی خُوب ہے۔اسی طرح ٹیل رنگ گھیر دار فراک کی جدّت و ندرت اپنی مثال آپ ہے،توآف وائٹ زمین پرپھول دار قمیص بھی جاذبِ نظرہے ۔ قمیص کااِنر پھول دار ہے، تو پلین آف وائٹ ٹشو اَپر کے ایک جانب انتہائی نفیس کام کیا گیاہے۔ اسی طرح سیاہ پلین ٹراؤزر کے ساتھ ساٹن سِلک میں پرنٹڈ ٹرکوائز رنگ قمیص کا بھی جواب نہیں۔

یقین کریں،یہ حسین ملبوسات آپ کی شخصیت کوکچھ اس طرح نکھار دیں گے کہ ہر زبان بے اختیار کہہ اُٹھے گی ؎ کچھ تو ہے جس سے ہوئی جاتی ہے چلمن رنگیں۔