کورونا کا خطرناک حملہ

May 19, 2021

کورونا کی حشر سامانیاں اس لئےختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں کہ ایس او پیز کے حوالے سے غفلت جاری ہے،کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں پچھلے 3روز تک کمی رہی تاہم سرکاری اعداد و شمارکے مطابق پیر کے روز 24گھنٹوں میں ملک بھر میں 3ہزار 232افراد متاثر جبکہ مزید 74افراد انتقال کر گئے۔ کووڈ 19کی تشخیص کے لئے کیے گئے 36ہزار 725ٹیسٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 8.80فیصد رہی، جو بلا شبہ تشویشناک ہے، حالانکہ عیدالفطر کے موقع پر تفریحی مقامات وغیرہ بھی بند رکھے گئے تھے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میو اسپتال لاہورنے جیو نیوز کو بتایا کہ مریض مسلسل آ رہے ہیں‘ 400بیڈز کا خصوصی وارڈ بھر چکا ہے اور تمام مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ عوام بہت زیادہ احتیاط کریں، نئی لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اور زیادہ خطرناک ہے ایس او پیز پرعمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ہم سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کورونا یہاں طویل مدت تک رہے گا اور اس عالمی وبا کی نئی قِسموں کا خاتمہ بنیادی طور پرفی الحال ناممکن ہے۔ حالات کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر صوبے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا اور کیسز میں اضافہ ہوا تو سخت فیصلے کیے جائیں گے۔ کورونا کی ہلاکت خیزی بھارت میں ہنوز بے قابو ہے اور اتوار کے روز 24گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 4ہزار 300سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ ڈھائی لاکھ متاثر ہوئے۔ کورونا کی حالیہ لہر کے، خاص طور پر بھارت پر حملہ آور ہونے کے نتائج سب کے سامنے اور اس امر کے متقاضی ہیں کہ کسی بھی صورت میں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے، حکومتیں سختی بھی کرتی ہیں تو روا ہےکہ یہ انسانی جانوں کا معاملہ ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998