پشاور ہائیکورٹ کا چکن اور گوشت کی ایکسپورٹ روکنے کا حکم

May 25, 2021

پشاورہائیکورٹ میں مرغی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت کی جانب سےڈپٹی کمشنرز کو چکن اور گوشت کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دینے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

پشاورہائیکورٹ میں مرغی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس قیصر رشید خان نے کی۔

اس دورانخوراک اور ذراعت کے سیکریٹریز، فوڈ کمشنر، ڈپٹی کمشنرز اور ایڈووکیٹ جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت پشاورہائیکورٹ کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو چکن اور گوشت کی ایکسپورٹ روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جب تک گوشت اور چکن کی قیمتیں کم نہیں ہوتیں، ایکسپورٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔

چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، مرغی اور گوشت کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دو ہوتی جارہی ہیں۔

چیف جسٹس قیصررشید خان نے کہا ہے کہ چینی اور آٹا مافیا کے بعد لگتا ہے اب گوشت اور مرغی مافیا سر گرم ہے۔

پشاورہائیکورٹ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ مل بیٹھ کر کوئی حل نکالیں، پولٹری فارمنگ کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔