یہ کڑی دھوپ، یہ رنگوں کی پھوار....

June 06, 2021

تحریر : عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: ہنیہ چوہدری

ملبوسات:بی-اے ڈیزائنرز بائے بینش

آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر

عکّاسی:ایم کاشف

لے آؤٹ: نوید رشید

اِن دِنوں تقریباً مُلک بَھر، خصوصاً سندھ میںدِن چڑھتے ہی جو سورج آگ اُگلنا شروع کرتا ہے، تو شام گئے تک اس کی تمازت کم ہونے کا نام ہی نہیں لیتی ۔ تیز چلچلاتی دھوپ کے سبب جہاں گلیاں، کُوچے ویران ہوجاتے ہیں، وہیں ہر چہرہ مرجھایا سا دکھائی دیتا ہے اور چاہ کر بھی ہم تیزدھوپ کی شدّت کم کرسکتے ہیں، نہ گرم ہواؤں کے تھپیڑوں کو سرد کیا جاسکتا ہے۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ ہم آپ کے لیےایک ایسی بزم سجا دیں کہ جس کی دِل کشی و رعنائی کے تصوّر سےمرجھائے غنچوںسے چہرے کِھل اُٹھیں، تو ذرا دیکھیے،سیاہ رنگ پیراہن کس قدر حسین لگ رہا ہے۔

پلین ٹراؤزر کے ساتھ ایمبرائڈرڈ قمیص اور بھرا بھرا دوپٹا خوش گوار تاثر دے رہا ہے،تو سفید لباس بھی اپنی مثال آپ ہے کہ اسٹائلش ٹراؤزر کے ساتھ ایمبرائڈرڈ پھول دار قمیص خُوب ہی کِھل رہی ہے۔پھر شیفون فیبرک میں شفتالو رنگ قمیص کےبھی کیاہی کہنے کہ تھریڈ اور زری ورک کی ہم آمیزی غضب ڈھا رہی ہے۔ اسی طرح سیاہ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ مکیش اور زری کے منفرد کام سے آراستہ قمیص ایک لاجواب انتخاب ہے،توسفید ٹراؤزر کے ساتھ فیروزی رنگ ایمبرائڈرڈ قمیص کی رعنائی بھی کچھ کم نہیں، خاص طور پر تھریڈ ورک اور جھالر نما لیس تو بہت ہی اچھی لگ رہی ہے۔

کہیے،کیا گرمیوں کی شاموں میں منعقدہ کسی تقریب کےلیے اس سے بہتر انتخاب کوئی اور ہو سکتا ہے ؟