نماز میں بڑی سورتوں کا کچھ حصہ پڑھنا

June 04, 2021

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال :۔نماز میں کسی بڑی سورت کا کچھ حصہ پڑھنا کیسا ہے؟ جیسے ائمہ حضرات اکثر فجر کے وقت تو بڑی سورت کے درمیان میں سے کوئی رکوع پڑھ لیتے ہیں اور باقی نمازوں میں اکثر بڑی سورتوں کے آخری چند آیات ایک رکعات میں ایک سورت کے اور دوسری رکعات میں کسی دوسری سورت کے پڑھتے ہیں۔ کیا ایسا کرنا ٹھیک ہے؟ یا اس سے بہتر طریقہ کیا ہے؟

جواب :۔مسنون مقدار کے بقدر کسی بڑی سورت کا بعض حصہ ایک رکعت میں پڑھنا جائز ہے۔ تاہم دونوں رکعتوں میں کسی ایک ہی سورت کا بعض حصہ پڑھنا الگ الگ سورتوں کے بعض حصے کو الگ الگ رکعت میں پڑھنے سے زیادہ بہتر ہے۔ اگر بڑی سورت کے جس حصے کو پڑھنے کا ارادہ ہو، اس کی آیات اور کسی چھوٹی سورت کی آیات کی مقدار برابر ہو تو مکمل چھوٹی سورت پڑھنا زیادہ افضل ہے اور اگر سورت کے بعض حصے کی آیات کی مقدار (جس کے پڑھنے کا ارادہ ہے)، چھوٹی مکمل سورت کی آیات سے زیادہ ہوں تو زیادہ مقدار میں بڑی سورت کے بعض حصے کو پڑھنا زیادہ افضل ہے۔

اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

masailjanggroup.com.pk