گھر کی بیرونی خوبصورتی کے تعمیراتی انداز

June 06, 2021

جب آپ نئے گھر کی تعمیر کا سوچتے ہیں تو پہلے دن سے ہی آپ کے ذہن میں اپنے خوابوں کے گھر کا ایک خاکہ ہوتا ہے کہ آپ اسے کس طرح تعمیر کروانا چاہتے ہیں اور آپ اسے کس طرح دیکھنا چاہتے ہیں۔ نئے گھر کی تعمیر میں ہمیں چند چیزوں کا خیال ضرور رکھنا چاہیے، مثلاً پائیداری کو لازمی مدِ نظر رکھنا چاہیے، کیوں کہ گھر میں صرف آپ ہی نہیں بلکہ آپ کی آنے والی نسلیں بھی رہیں گی۔ اس کے علاوہ، گھر کا ایسا نقشہ بنوانے پر زور دیا جاتا ہے، جس میں گھر کے کمروں کو بڑے سے بڑا رکھا جائے اور مروجہ تعمیراتی قوانین پر بھی کوئی سمجھوتا نہ ہو۔

گھر کی سیکیورٹی کے پہلو کو بھی مدِنظر رکھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، جدید گھروں میں قدرتی روشنی اور ہوا کی گزر کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ جب بات گھر کو خوبصورت بنانے کی آتی ہے تو یہ کام تعمیر مکمل ہونے کے بعد، گھر کی اندرونی تزئین و آرائش کے وقت کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے، تاہم آج ہم آپ کو بتائیںگے کہ جہاں گھر کی خوبصورتی کے لیے انٹیریئر ڈیزائننگ انتہائی اہم ہے، وہاںآپ دورانِ تعمیر چند چیزوں پر کام کرکے گھر کی بیرونی دلکشی کو بھی چار چاند لگا سکتے ہیں۔

گھرکی بیرونی دلکشی کے لیےچند بنیادی نوعیت کے غور طلب پہلو ذیل میںدرج ہیں۔

تعمیراتی اندازو مواد

گھر کا بیرونی حصہ ڈیزائن کرنا ایک پیچیدہ عمل ثابت ہو سکتا ہے کیوں کہ اِس میں رنگوں، مواد، اور مختلف زاویاتی شکلوں کی بڑی تعداد استعمال ہوتی ہے۔ صرف کوئی معمار ہی یہ ذمہ داری صحیح طریقے سے نبھا سکتا ہے۔

داخلی دروازہ

کسی بھی گھر میں داخل ہونے کے لیے ہم بیرونی دروازے کا استعمال کرتے ہیں۔ آج کے جدید دور میں عام طور پر بیرونی دروازے پر دو گیٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔ ایک چھوٹا گیٹ پیدل گزرنے والوں کے لیے اور دوسرا بڑا گیٹ گاڑی وغیرہ گزارنے کے لیے۔

بیرونی داخلی دروازہ ناصرف آپ کے مہمانوں کو متاثر کرتا ہے، بلکہ سامنے سے گزرنے والے تمام لوگوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ آپ بیرونی داخلی دروازے کے لیے لکڑی کے دروازے کا انتخاب کریں یا پھر لوہے کے دروازے کا، اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اس کا سائز اور ڈیزائن ایسا ہو کہ یہ کسی محل کا نظارہ دے۔

خوبصورت تعمیراتی مواد کی دیوار

آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کو خوبصورت بنانے کے لیے دلکش انداز کی دیوار بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مارکیٹ میں نت نئے اسٹائل کا تعمیراتی مواد موجودہے، جیسا کہ مختلف نوعیت کا پتھر، پتھر کی اینٹیں، یا بھٹی میں پکی ہوئی لال اینٹیں وغیرہ۔

خوبصورت انداز کی چھت

اپنے گھر کی بیرونی وضع کو نمایاں اور خوبصورت بنانے کے لیے اس کے ڈیزائن میں انوکھا پن لائیں جو کہ دیکھنے والوں کے لیے کشش رکھتا ہو۔ اپنے گھر کی چھت کو تکونی شکل میں ڈیزائن کریں،یہ ایک جدید اور منفرد اسٹائل ہے۔ اس قسم کی چھت کے اسٹائل میں بالکونی میں کھڑے ہو کر قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک مناسب خالی جگہ چھوڑ دیں، جو نا صرف گھر کی بناوٹ میں دلکشی پیدا کرے گی بلکہ اس سے یہ ایک منفرد اسٹائل کی صورت اختیار کرجائے گا۔

استقبالی حصہ میں ہریالی

گھر کے بیرونی حصے کو مزید خوشگوار اوردلفریب بنانے کے لیےاس میں خوبصورت پھولوں والے پودے لگائیں۔ مرکزی دروازے کے ساتھ سر سبز پودے کا گملہ سجا دیں۔ یہ بیرونی ماحول میں ایک دلکش قدرتی اضافہ کر دے گا۔ اگر گھر کے مرکزی دروازے کے ساتھ جگہ موجود ہو تو ایک چھوٹی سی پھولوں کی کیاری ڈیزائن کریں، جس میںلگے رنگ برنگے دلکش پھول آنے والے مہمانوں پر ایک اچھا اور مؤثر تاثر چھوڑیں گے۔

تعمیراتی انداز کا انتخاب

پہلا قدم گھر کے بیرونی حصے کا انداز چننا ہوتا ہے۔ ایک بار آپ نے یہ فیصلہ کر لیا کہ آپ جدید، دیہی اور گھریلو انداز میں سے کون سا انداز چاہتے ہیں تو اس کے بعد باری آتی ہے مواد کے انتخاب کی۔ آپ کے پاس اینٹیں، سیمنٹ، لکڑی، لوہا اور اِس کے علاوہ بھی بہت سے انتخابات موجود ہیں، جن میں سے آپ ایک یا زائد کو چُن سکتے ہیں۔ ایک بار جب آپ ان تمام بنیادی عوامل پر غور کرلیں، تو اس کے بعد اب باری آتی ہے کہ آپ اپنی سوچ کو عملی شکل دینا شروع کریں۔

دیہی انداز

اپنے گھر کی بناوٹ میں آپ دیہی اسٹائل کو بھی اپناسکتے ہیں۔ گھر کی بنیادوں میں پتھروں کا استعمال کریں۔ اس سے گھر مضبوط ہونے کے ساتھ دیہی اسٹائل میں بھی ڈھل جائے گا۔ اس کے برآمدہ کو لکڑی کے تختوں سے ڈھانپ دیں اور اسے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے استعمال کریں۔ برآمدے کے کناروں پر بید کی بنی باڑ استعمال کریں اور اسے قدرتی رنگ دینے کے لیے ان پر خوبصورت پودوں کے گملے لٹکائیں۔

پُرتعیش ڈیزائن

سادہ مگر پُرتعیش ڈیزائن اپناتے ہوئے گھر میں داخل ہونے کے لیے خوبصورت سیڑھیوں کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ سیڑھیوں کو دلکش آہنی ریلنگ سے مزین کریں۔ برآمدے کی چھت پر ہلکے نیلے رنگ کا استعمال اسے نہایت دیدہ زیب بنا دے گا۔

گھر میں داخلے کے لیے سرکنے والے شیشوں کے دروازوں کا استعمال اسے جدت پذیر اور پُرتعیش بناتا ہے۔ گھر میں قدرتی آب وہوا سے تر وتازہ ہونے کے لیے آپ خوبصورت لان بھی تشکیل دے سکتے ہیں۔

گھر کے بیرونی حصے کو خوبصورت سے خوبصورت تر بنانے کے لیے پیش کی گئی تجاویز حرفِ آخر نہیں ہیں۔ آپ ان تجاویز کی مدد سے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس سے مزید بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔