میڈونا کا لاس اینجلس میں شاندار نیا گھر

June 06, 2021

ہالی ووڈ سپراسٹار میڈونا نے کورونا وبائی مرض کے دوران اپنا زیادہ تر وقت لاس اینجلس میں واقع اپنے کرایہ کے گھر میں گزارا۔ کرایہ کے گھر میں کچھ عرصہ رہنے کے بعد میڈونا نے اب لاس اینجلس میں ہی اپنا ذاتی گھر خرید لیا ہے۔

میڈونا کا نیا گھر شاندار سات بیڈرومز پر مشتمل ہے، جب کہ اس کا مجموعی رقبہ تین ایکڑ ہے۔ یہ گھر لاس اینجلس کے ہیڈن ہِلز ایریا میں واقع ہے، جو اپنے سیلیبرٹی مکینوں کے باعث پہچانا جاتا ہے۔ میڈونا نے یہ گھر جس سے لیا ہے، وہ خود بھی ایک سیلیبرٹی ہیں، ان کا نام ویکنڈ ہے اور وہ موسیقار ہیں۔

ویکنڈ نے یہ گھر گزشتہ ایک سال سے فروخت کے لیے لسٹ کروایا ہوا تھا اور اس کے لیے 24.9ملین ڈالر کی قیمت مقرر کررکھی تھی، تاہم میڈونا نے ان سے یہ شاندار محل نما گھر 19.3ملین ڈالر میں خریدا لیا۔ اس سے قبل ویکنڈ نے یہ گھر 2018ء میں 18.2ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہرچندکہ ویکنڈ کو اس کی اپنی مرضی کی قیمت یعنی 24.9ملین ڈالر نہ مل سکے لیکن اس کے باوجود اس سودے پرویکنڈ نے 1.1ملین ڈالر کا منافع ضرور کمالیا۔

میڈونا اس سے پہلے بھی لاس اینجلس کی ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرچکی ہیں، جن میں بیورلی ہلز اور ہالی ووڈ میں شاندار گھر شامل ہیں۔ اب جب کہ میڈونا نے ہیڈن ہلز میں اپنا نیا گھر خرید لیا ہے تو اس طرح پاپ گلوکارہ نے اپنا نام بھی اس علاقہ کے مکینوں میں درج کرادیا ہے، جہاں کی گلیوں میں ہالی ووڈ کے بڑے بڑے نام چلا پھرا کرتے ہیں۔

ہالی ووڈ کی جو سیلیبرٹیزاس کمیونٹی کا حصہ ہیں، ان میں جسٹن بیبر، ڈریک، کیٹی ہولمز، جینیفر لوپز، وِل اسمتھ اور جیڈا پنکٹ اسمتھ، برٹنی اسپیئرز اور کارڈیشین بہنیں شامل ہیں۔ اگر کارڈیشین بہنوں کو میڈونا کا پڑوسی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ ہیڈن ہلز ایک گیٹڈ کمیونٹی ہے، جس کے باعث سیلیبرٹیز اپنی پرائیویسی کو بآسانی برقرار رکھ پاتے ہیں، تاہم یہ مالیبو اور کالاباسس کے انتہائی قریب ہے۔ اس لحاظ سے یہ کمیونٹی ایک آئیڈیل لوکیشن پر واقع ہے۔

تین ایکڑ پر محیط اس گھر کا تعمیرشدہ رقبہ ساڑھے 12ہزار مربع فٹ پر محیط ہے۔ سات بیڈ روم کے علاوہ اس میں دو بیڈ روم پر مشتمل گیسٹ ہاؤس بھی شامل ہے۔ گھر میں نو باتھ روم ہیں۔ مزید برآں، پول، بار روم، ہوم تھیٹر ، فائیو اسٹار کار گیراج جس کا فلور ایل ای ڈی لائٹس پر مبنی ہے، ایک مکمل باسکٹ بال کورٹ اور ہوم جم بھی اس شاندار گھر کا حصہ ہیں۔

گھر کی داخلی جگہ (فوئر) دُگنی اونچائی کی حامل ہےاور اس کی دیوار لکڑی اور شیشے کے فریموں پر مشتمل ہے۔ لیونگ روم انتہائی وسیع و عریض ہے، جہاں سے کچن کی طرف راستہ جاتا ہے اور یہ اوپن فلور پلان ہے۔ ڈائننگ ایریا فوئر کے ساتھ ہی واقع ہے اور یہاں سے بالائی منزل کی طرف جانے والی سیڑھیوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ کچن، ڈائننگ ایریا کے ساتھ ہی واقع ہے، جس میں دو کچن آئی لینڈ رکھے گئے ہیں اور یہاں کے تمام اپلائنسز پروفیشنل گریڈ ہیں۔

دی ویکنڈ نے برائے فروخت لسٹنگ کے لیے اپنی جائیداد کو کچھ اس طرح بیان کیا تھا، ’’ہیڈن ہلز کی گیٹڈ کمیونٹی میں واقع انتہائی نجی اور پرائیویسی سے بھرپور جائیداد تین ایکڑ پر مشتمل ہے، جس کے ارد گرد درخت، ہریالی، گھاس اور پہاڑیاں ہیں۔ اس گھر کو بڑے پیمانے پر پُرلطف اور بھرپور نجی زندگی گزارنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

روشن، سفید انٹیریئر میںلکڑی اور پتھر کا خوبصورت کام کیا گیا ہے، جس میں لیونگ اور ڈائننگ روم، شیف کچن وغیرہ شامل ہیں‘‘۔ اس گھر کی خاص بات، یہاں کے دیگر گھروں کی طرح اس کے پرائیویسی فیچرز ہیں اور یہاں میڈیا کے نمائندوں یا پرستاروں کو داخل ہونے کی بالکل بھی اجازت نہیں ہے۔

میڈونا کا ریئل اسٹیٹ پورٹ فولیو متاثرکن رہا ہے، جس میں لاس اینجلس کے علاوہ دنیا بھر میں ان کی جائیدادیں موجود ہیں۔ ایک موقع پر صرف لندن شہر میں میڈونا کی چھ ریئل اسٹیٹ جائیدادیں تھیں۔ اس وقت یہ واضح نہیں ہے کہ میڈونا ابھی تک ان میں سے کتنی جائیدادیں اپنے پاس رکھتی ہیں لیکن کہا جاتا ہے کہ گائے رِچی سے طلاق کے نتیجے میں ان میں سے کچھ جائیدادیں ان کے سابقہ شوہر کے حصے میں جاچکی ہیں۔

اس سے قبل ستمبر 2017ء میں میڈونا نے پرتگال میں اٹھارویں صدی کا تعمیر شدہ ایک قدیم محل تقریباً نو ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ یہ ساڑھے پانچ ایکڑ رقبہ پر محیط تھا۔ کئی برسوں تک نیویارک سٹی اپارٹمنٹ میں چھ ہزار مربع فٹ پر محیط فلیٹ میڈونا کے پاس تھا، جسے اس نے 2008ء میں 16ملین ڈالر میں خریدا تھا۔

میڈونا کے پاس ابھی بھی اسی بلڈنگ میں ایک اور اپارٹمنٹ موجود ہے جو اس نے 2008ء میں ہی 7ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ نیویارک میں میڈونا کے پاس صرف اسی بلڈنگ میں اپارٹمنٹ نہیں رہا بلکہ 2009ء میں میڈونا نے نیویارک میں 32ملین ڈالر کے عوض ایک شاندار ٹاؤن ہاؤس خریدا تھا جس کا رقبہ 12ہزار مربع فٹ تھا۔