محمّد علی سدپارہ برف کا مدفون

June 13, 2021

مصنّف: قیصر عباس صابر

صفحات: 160، قیمت: 600 روپے

ناشر: سنگِ میل پبلی کیشنز، لاہور۔

یہ کتاب درحقیت ایک دوست کا دوسرے دوست کو خراجِ عقیدت ہے۔ ملتان کے کوہ پیما، قیصر عباس صابر کی قومی ہیرو، محمّد علی سدپارہ سے دوستی سات برسوں پر محیط تھی، جس کے دَوران اُنھوں نے بہت سا وقت اکٹھے گزارا۔ رواں برس فروری میں محمّد علی سدپارہ نے بغیر آکسیجن سلینڈر کے ٹو سر کرنے کی کوشش کی، تو جان کی بازی ہار گئے۔یہ واقعہ میڈیا میں اِس قدر نمایاں ہوا کہ عوام کو پہلی بار کوہ پیمائی سے متعلق بنیادی معلومات حاصل ہوئیں۔ تاہم، اِس موقعے پر بعض افراد نے سازشی تھیوریز گھڑیں، تو کوہ پیمائی سے متعلق مَن گھڑت معلومات فراہم کرنے والوں کی بھی کمی نہ رہی، جس سے معاملات اُلجھ کر رہ گئے۔

قیصر عباس چوں کہ خود کوہ پیما ہیں اور اِس موضوع پر کئی کتب لکھ چُکے ہیں، اِس لیے اُنھوں نے درست معلومات کی فراہمی کے ساتھ محمّد علی سدپارہ سے متعلق اپنی یادداشتیں قلم بند کی ہیں۔ نیز، کتاب میں قومی ہیرو اور کوہ پیمائی سے متعلق شایع ہونے والے کئی مضامین بھی شامل کیے ہیں، تاہم اِن مضامین کے حوالے درج ہونے سے رہ گئے ہیں۔