میرے فِکری سفر کے 50 سال

June 13, 2021

مصنّف: افتخار الدّین بھٹہ

صفحات: 312، قیمت: 500 روپے

ناشر: کتاب وَرثہ، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور۔

گجرات سے تعلق رکھنے والے افتخار الدّین بھٹہ ترقّی پسند تحریک کے ممتاز رہنما، سابق بینک کار اور لکھاری ہیں۔ اُن کا بائیں بازو کی سرگرمیوں سے گہرا تعلق رہا اور اب بھی خاصے فعال ہیں۔ زیرِ نظر کتاب کی شروعات ایک طویل انٹرویو سے کی گئی ہے، جس میں اُنھوں نے اپنے اساتذہ، دوستوں اور فکری سفر پر سیر حاصل روشنی ڈالی ہے۔

اُن کا کہنا ہے ’’ ترقّی پسند نظریات کو اِس وجہ سے نقصان ہوا کہ اس کے کچھ قائدین نے مذہب سے ٹکر لی۔‘‘ کتاب کے اگلے حصّے میں اُن کی شخصیت پر مختلف افراد کے مضامین ہیں اور خود اُن کے بعض شخصیات پر لکھے گئے کالمز بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں سے بیش تر مقامی اخبارات میں شایع ہوتے رہے ہیں۔نیز، مصنّف کی اِس سے قبل شایع ہونے والی ایک کتاب’’ انسان، سماج اور معاش‘‘ پر کیے گئے تبصرے بھی اِس کتاب کا حصّہ ہیں۔