اسپیشل کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب

June 08, 2021

کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، ڈاکٹر عیسی لیب اور کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے جاپان کے شہر اوساکا میں سترویں واٹاپیرا تائیکوانڈو ایونٹ میں گولڈ میڈلز جیتنے والے اسپیشل ایتھلیٹس عابد خان اچکزئی،یاسرممتاز اور حمزہ حسن سمیت انٹرنیشنل اور قومی سطح پر مختلف کھیلوں میں چالیس سے زائد میڈلزجیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات اور تحائف تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پرروٹری انٹرنیشنل کے گورنر اور ڈاکٹر عیسی لیب کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسی عبداللہ نے کہا ہے کہ اسپیشل بچے ہمارے معاشرے کا اہم ستون ہیں،سہولیات نہ ہونے کے باوجود ان کھلاڑیوں کی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر انہیں بہترین انفرااسٹرکچر فراہم کیا جائے تو مستقبل میں یہ کھلاڑی ملک کا نام مزید روشن کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹرکے سی ای او سینیٹر عبدالحسیب، کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین آصف عظیم، صدر سید وسیم ہاشمی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسی کاکہنا تھا کہ پیرا گیمز کے انٹرنیشنل ایونٹس میں میڈلز جیتنا اسپیشل کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بہت معاون ثابت ہوتا ہے اس سے نہ صرف دنیا کھیل میں پاکستان کا مقام بلند ہوتا ہے بلکہ ہمارے کھلاڑیوں کوبھی عالمی سطح پرپذیرائی ملتی ہے انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کیلئے میڈلزجیتنے والے کھلاڑیوں کی حکومتی اور پرائیوٹ اداروں کیجانب سے حوصلہ افزائی کی جائے تو مستقبل میں مزید بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ ہمارے اسپیشل بچوں نے جہاں عام تعلیم کے علاوہ آئی ٹی ودیگرفنی میدانوں میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھا ئے ہیں وہیں بین الاقوامی سطح پرکھیلے گئے مختلف اسپورٹس میں بھی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیاہے چیئرمین کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن آصف عظیم نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے اسپیشل کھلاڑی خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اگر انہیں کھیل کے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کے مکمل مواقع میسر ہو تو اولمپک سمیت دیگر انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان کیلئے مزید میڈلز آنا یقینی ہیں ہمیں امید ہے کہ ان کی کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسی عبداللہ نے میڈلزجیتنے والے تمام کھلاڑیوں کوپانچ پانچ ہزار روپے کیش ایوارڈزاور کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کیلئے پچاس ہزار روپے کیش دینے کا اعلان کیا۔