’انسانی غلطی‘ ٹرین حادثات کی سب سے اہم وجہ قرار، سیمینار سے ماہرین کا خطاب

June 09, 2021

رپورٹ: اعجاز احمد

ماہرین نے انسانی غلطی کو ’ٹرین حادثات‘ کی سب سے اہم وجہ قرار دے دیا، جبکہ دیگر 2 اہم وجوہ میں ٹریک کی حالت اور رولنگ اسٹاک کے مسائل بتائے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات، تخریب کاری، میٹیریل کی کمی اور سگنل سسٹم کی وجہ سےبھی حادثات ہوسکتے ہیں۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) آفس کراچی میں ’ٹرین آپریشن سیفٹی‘ کے موضوع پر 2 روزہ سیمینار ہوا، جس میں ڈویژنل افسران، اسسٹنٹ افسران، ٹرین ایگزامنر، پی ڈبلیو آئی، گارڈ، اسٹیشن ماسٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سیمینار کا مقصد ریلوے عملے کو حادثات کی روک تھام کے بارے میں آگہی دینا تھا۔

ڈی ایس کراچی محمد حنیف گل نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ کچھ سال سے ٹرین حادثات میں نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، بلکہ محکمہ ریلوے کو اربوں روپے کے قیمتی رولنگ اسٹاک کا نقصان اٹھانے کے ساتھ ساتھ کروڑوں روپے کی ادائیگیاں بھی کرنا پڑیں۔

انھوں نے کہا کہ اس سے محکمے کی ساکھ کو بھی بہت نقصان پہنچا، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ نیوکلیئر اور ایوی ایشن انڈسٹری کی طرح ریلویز کو بھی ہائی ریلائبلٹی آرگنائزیشن (High Reliability Organization) کی طرز اور قوانین کے تحت چلایا جائے، جس میں حادثات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔

جب کہ قلیل المدت بنیاد پر حادثات پر قابو پانے کے لیے سیفٹی سیل کے قیام، سیفٹی آلات، سرپرائز سیفٹی انسپکشن اور معمولی خرابیوں کی وقت پر درستگی کرنے پر زور دیا گیا۔

سیمینار میں گھوٹکی سانحے میں جاں بحق افرادکے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔