شدیدگرمی میں سی پی اوآفس کاکلرک بیہوش ، پولیس لائن میں پانی کی بھی قلت

June 11, 2021

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) شدید گرمی میں سی پی اوآفس میں کام کرنے والا سینئر کلرک بے ہوش ہوگیا،آگ برساتی گرمی میں اے ڈی سی پی اوآفس کے فرسٹ فلورپر واقع دفاترمیں کام کرناملازمین کیلئے دشوار ہو گیا۔ پولیس لائن نمبرایک میں عارضی طورپرقائم کیے گئے سی پی او دفترکے منسٹریل سٹاف کے بلاک میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے آفس کی بالائی منزل میں اے ،بی اورسی برانچ کے دفاتربنائے گئے جہاں دن بھرشدیددھوپ پڑتی ہے جس سے بچنے کیلئے کسی قسم کاکوئی بندوبست نہیں ۔یہاں کے بعض ملازمین نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پرجنگ کوبتایاکہ اس فلورپرکئی کمروں میں پنکھے بھی نہیں ،جبکہ پورے فلورپرپینے کے لئے پانی نہیں ،نہ ہی کمروں کے دروازوں پرچقیں ہیں ،جبکہ کئی روزسے ٹیوب ویل کی موٹرخراب ہے اورپولیس لائن میں پانی کی قلت ہے۔ اس دوران گزشتہ روزسینئرکلرک مختارشاہ گرمی سے نڈھال ہوکربے ہوش ہوگیا۔ ادھرڈی ایس پی ہیڈکوارٹرزنے جنگ کے استفسارپربتایاکہ کچھ روزپہلے موٹرخراب ہوئی تھی جوٹھیک کرالی گئی ہے۔ پانی وافرمقدارمیں دستیاب ہے جبکہ واٹرباؤزرکے ذریعے بھی پانی کی فراہمی جاری ہے ۔