تحریک تحفظ مدارس نے وقف املاک ایکٹ پر سرکاری کمیٹی مستردکر دی

June 11, 2021

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) تحریک تحفظ مساجد و مدارس نے حکومت کی طرف سے وقف املاک ایکٹ کے حوالے سے قائم کی گئی سرکاری کمیٹی کومستردکرتے ہوئے کہاہےکہ ہمارانمائندہ فورم صرف اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ ہے ۔ یکم جولائی کو لیاقت باغ میں تحفظ مدارس ومساجدکنونشن ہوگا۔ حکومت اپنی مرضی کے افرادپرمشتمل کمیٹی بناکر ڈھونگ کررہی ہے۔ حکومت اگرمخلص ہے تو وقف املاک ایکٹ کے حوالے سے مفتی تقی عثمانی کی طرف سے سپیکرکوبھیجے گئے مسودے کے تناظرمیں ترامیم کرے ۔ ان خیالات کا اظہار ملی مجلس شرعی کے صدر اور پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی، جمعیت علماء اسلام پنجاب کے ا میرمولاناڈاکٹرعتیق الرحمٰن ، تحریک تحفظ مساجد و مدارس کے رہنمائوں مولانا نذیر احمد فاروقی، مولانا ظہور احمد علوی،حافظ مقصود احمد، مفتی اقبال نعیمی، مفتی عبدالسلام، مولانا عبدالغفار، مولاناولی اللہ شاہ بخاری ،مولانااشرف علی ،قاری عبدالکریم ،مفتی خطیب مصطفائی ودیگرنے جامعہ محمدیہ اسلام آباد میں جڑواں شہروں کے تمام مکاتب فکر کے نمائندہ اجلاس وپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ مولانازاہدالراشدی نے کہاکہ حکومت اپنی مرضی کے لوگوں سے مذاکرات کر کے اہل مدارس کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتی ہے۔