اینٹی ہراسمنٹ انکوائری کمیٹی کی استعدادکار بڑھانے کیلئے تربیت دے رہے ہیں،صوبائی محتسب

June 11, 2021

پشاور(نیوز رپورٹر)صوبائی محتسب خیبرپختونخوا کیجانب سے اینٹی ہراسمنٹ انکوائری کمیٹی کے ممبران کی استعدادکار بڑھانے کیلئے تربیت کا آغاز کردیا گیا ،کام کی جگہ پر ہراسانی کی روک تھام کیلئے دوروزہ ورکشاپ کا افتتاح صوبائی محتسب رخشندہ ناز نے کیا۔ یواین ویمن اور یواین ایف پی اے کے تعاون سے ورکشاپ میں اینٹی ہراسمنٹ انکوائری کمیٹی کے ممبران کو تربیت دی گئی تاکہ وہ کام کی جگہ پر خواتین کی ہراسانی کی روک تھام کے ایکٹ 2010 پرعملدرآمد میں اپناکردارادا کریں ۔ صوبائی محتسب رخشندہ نازنے کے پی انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس ایکٹ 2019 اور خواتین کے حقوق سے متعلق دیگرقوانین پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کام کی جگہوں پر ہراسانی کے تدارک کیلئے سب نے ملکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ورکشاپ میں خدیجہ علی ایڈوکیٹ نے خواتین کی ہراسانی کی روک تھام، قانونی معاونت، انکوائری کمیٹیوں کے اختیارات اور ملازمین کی ذمہ داریوں پر بات کی۔ اس موقع پر نجی تنظیم کے ہیڈمحمد رفیق نے بھی خطاب کیااورتمام شہریوں ،اداروں اور ملازمین پر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرنے پر زوردیا۔