پشاور، بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

June 11, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی ضلع پشاور اور سٹی ڈسٹرکٹ پشاورنے بدامنی, ٹارگٹ کلنگ اور جبری گمشدگیوں کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جسکی قیادت صوبائی سینئر نائب صدر خوشدل خان ایڈووکیٹ، سیکرٹری ثقافت خادم حسین، رکن صوبائی اسمبلی نثارمومند اور اور رکن صوبائی اسمبلی صلاح الدین خان مومند نے کی جبکہ مظاہرے میں ضلعی صدر ملک فرہاد، سٹی ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکرٹری حاجی شیررحمان، ٹاؤن تنظیموں کے عہدیداران، ملگری وکیلان اور کارکنان نے شرکت کی۔ مظاہرے میں مومند اور دیگر اضلاع کے لاپتہ افراد کے لواحقین بھی شریک ہوئے مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز تھے جس پر لاپتہ افراد کے حق میں اور بد امنی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے شرکاء نے خطاب میں کہا کہ افراد کا لاپتہ ہوناحکومت کی نا کامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،اگر کوئی گنہگار ہے تو عدالت میں پیش کر سزا دی جائے اور اگر بے گناہ ہے تو فوری رہا کیا جائے ،جبری گمشدگیاں کسی صورت قبول نہیں ہیں ۔