طلبہ کے امتحانات

June 12, 2021

کورونا ویکسین لینے والوں کی بڑھتی تعداد اور نئے متاثر ہونے والے افراد کی گھٹتی تعداد کے مدنظر یہ امکان بڑھ گیا ہے کہ وطن عزیز میں طلبہ کے اس برس کے امتحانات نئی طے شدہ تاریخوں پر نئے متعین کردہ طریق کار کے تحت منعقد ہو جائیں گے۔ سندھ کے محکمہ تعلیم کے مختصر اعلامیہ کے مطابق صوبے میں میٹرک (دسویں) کے امتحانات کا آغاز 2جولائی کی بجائے5جولائی سے ہوگا جبکہ بارہویں جماعت کے امتحانات 26جولائی سے شروع ہوں گے۔ محکمہ کالج ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گیارہویں جماعت کے امتحانات بارہویں جماعت کے امتحانات کے بعد لئے جائیں گے۔ مزید واضح کیا گیا ہے کہ اختیاری مضامین کے امتحانات پہلے سے مختصر کئے گئے60فیصد سلیبس سے لئے جائیںگے۔ انٹر کے ان امتحانات میں 50فیصد سوالات ایم سی کیوز، 30فیصد مختصر ( شارٹ آنسر) اور 20فیصد طویل ہوںگے۔تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔ادھر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ پہلی سے آٹھویں کلاسوں کے امتحان لینا یا نہ لینا اسکولوں کا اپنا فیصلہ ہو گا۔’’جیو ‘‘کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں گفتگو کے دوران انہوں نے جو تفصیلات بتائیںان سے ظاہر ہوتا ہے کہ طلبہ کو رعایت دیتے ہوئے صرف اختیاری مضامین کا امتحان لیا جا رہا ہے۔ اس برس اسکولوں میں صرف چار ماہ پڑھائی ممکن ہو سکی اس لئے مذکورہ انتظام ضروری ہو گیا تھا۔ یونیورسٹیوں اور پیشہ ورانہ کالجوں میں داخلے کیلئے گریڈ اور معیار اہلیت متعین کرنے کیلئے بھی امتحانات کا انعقاد ضروری ہے۔ اس ضمن میں کیمبرج امتحانات کا ادارہ ہو یا ایم ٹی کیٹ کی فیس لینے والا پاکستان میڈیکل کمیشن ،تمام متعلقہ ادارے حکومت پاکستان سے رابطے میں ہیں، توقع کی جانی چاہئے کہ امتحانی عمل اور داخلوں کے مسائل و مراحل کی تکمیل خوش اسلوبی سے ہو جائے گی۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998