سٹریٹ کرائم نہ رک سکا، 4 گاڑیاں، 17 موٹرسائیکل بھی غائب

June 12, 2021

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری ایک گاڑی ،15موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،مویشیوں ،ملکی وغیرملکی کرنسی اوردیگر اشیاء جبکہ وفاقی دارالحکومت میں شہری تین کاروں، دو موٹر سائیکلوں، نقدی، زیورات، موبائل فونز و دیگر سامان سے محروم ہو گئے۔ تھانہ کینٹ کو عبدالستارنے بتایا کہ میں دکان کی کیش اور پلازہ کی وصولی کر کے اپنی گاڑی کی طرف گیا جو پوٹھوہار کار پارکنگ میں کھڑی تھی کہ ایک نامعلوم شخص اسلحہ کی نوک پر مجھ سے 75لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گیا۔ تھانہ صادق آبادکوعبدالمعیزنے بتایاکہ آفندی کالونی میں میری والدہ نے ایک ہفتہ قبل نگینہ اورزینب کوگھرکے کام پررکھاتھاجوگھرسے 13تولے طلائی زیورات چوری کرکے لے گئیں۔ تھانہ روات کو جعفر افتخار علی نے بتایاکہ چور میرے گھرکے تالے توڑکر طلائی زیورات 3 تولے، 2انگوٹھیاں ، بالیاں اور دو سونے کے کڑے ، 20 جوڑے بیٹی کے جہیز کے کپڑے، دو گھڑیاں اور جدی پشتی قیمتی نگینے زمرد ،یاقوت، الماس و نیلم چوری کرکے لے گئے۔ تھانہ پیرودھائی نے اسلحہ کی نوک پرموبائل چھیننے، تھانہ وارث خان نے الیکٹرک شاپ سےاسلحہ کی نوک پرتین موبائل اور57ہزارآٹھ سوروپے چھیننے، تھانہ صادق آباد نے بیکری سےاسلحہ کی نوک پرموبائل اورپانچ ہزارروپے چھیننے، تھانہ ویسٹریج نے موبائل ، 200روپے ،موٹر سائیکل کی رجسٹریشن بک اورشناختی کارڈ اسلحہ کی نوک پر چھیننے، تھانہ کینٹ نے موبائل، دوسرے واقعہ میں گھر سے 2 موبائل چوری، تھانہ صادق آباد نے کلینک میں درازکے تالے توڑ کر ڈیڑھ لاکھ روپے چوری، تھانہ نیوٹاؤن نے گھرسے دوموبائل چوری، دوسرے واقعہ میں موبائل مالیتی ایک لاکھ 80ہزارروپے چھیننے، تیسرے واقعہ میں موبائل چھیننے، چوتھے واقعہ میں کمرے کاتالہ توڑکرتین موبائل اورایل سی ڈی چوری، پانچویں واقعہ میں کمرشل مارکیٹ میں خاتون سے 20ہزارروپے اورموبائل چھیننے،چھٹے واقعہ میں کمرے سے تین موبائل اوردس ہزارروپے چوری ، ساتویں واقعہ میں کمرے سے دوموبائل اورآٹھ ہزارروپے چوری ، آٹھویں واقعہ میں گھرسے پچاس ہزارروپے اورطلائی زیورمالیتی دولاکھ روپے چوری، تھانہ ویسٹریج نے، موبائل چوری ،تھانہ نصیرآبادنے بلاک فیکٹری سے 51 فرمے مالیتی 20ہزارروپے چوری ،تھانہ ریس کورس نے موبائل چھیننے، دوسرے واقعہ میں قاسم مارکیٹ اشارہ پر موبائل چھیننے، تیسرے واقعہ میں دکان سے نقدی اور موبائل مالیتی 3لاکھ روپےچوری، چوتھے واقعہ میں لڑکی کا پرس چھیننے،جس میں موبائل ، 50ہزارروپے اور شناختی کارڈ تھا، تھانہ سول لائن نے گھر کا تالہ توڑ ایک لاکھ 20ہزارروپے،درہم مالیتی 27سوروپے ،لیپ ٹاپ ، موبائل ،سٹیبلائزر اور آرٹیفیشل جیولری چوری ، تھانہ سول لائن نے د کان کا تالہ توڑ کر 20ہزارروپے، گیٹ ،پلانٹ، کٹر ،مشین گرینڈرمالیتی ایک لاکھ 20ہزارروپےچوری ،تھانہ ٹیکسلانےاسلحہ کی نوک پرموبائل ، 140 روپے اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی چھیننے، دوسرے واقعہ میں موبائل چوری،تھانہ صدرواہ نےموبائل چھیننے، تھانہ صدربیرونی نے دکان سے غلے میں سے 37 سو روپے اور موبائل لے کرفرارہونے،تھانہ روات نےمویشی چوری ،تھانہ چونترہ نے اسلحے کے زور پرجیب سے 9 ہزار وموبائل نکالنےٹریکٹر آتا دیکھ کر موبائل واپس کر کے فرار ہو نے، دریں اثناء کورال پولیس نےکار کے ای ایف 7729 چھیننے، آئی نائن پولیس نے میڈیکل سٹور میں داخل ہو کر نقدی اور دو موبائل فون مالیتی 57ہزار روپےچھیننے، گولڑہ پولیس نےکار اے ڈی زیڈ 674 چوری ،گولڑہ پولیس نے کار اے آر وی 371 گلی سے چوری ، آئی نائن پولیس نے موٹر سائیکل آر آئی این 9428 پارکنگ سے چوری،کورال پولیس نے موٹر سائیکل اے وائے ایل 135چوری ، کھنہ پولیس نے گھر سے سائیکل چوری، کورال پولیس نے گھر سے نقدی، زیورات اور دیگر سامان کل مالیتی 2لاکھ 20ہزار روپے چوری، بہارہ کہو پولیس نے گاڑی سے پرس جس میں نقدی، چیکس بک وغیرہ کل مالیتی تین لاکھ 50ہزار روپے چوری ،بنی گالہ پولیس نے ایک کروڑ 5 لاکھ روپے چیک ڈس آنر کے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔