فرائض میں غفلت ، سابق ایس ایچ او سمیت 8 اہلکار برطرف

June 12, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) انکوائری میں الزامات درست ثابت ہونے پر سابقایس ایچ او ائرپورٹ سمیت راولپنڈی پولیس کے 8اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کردیاگیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گزشتہ سال تھانہ ائر پورٹ پولیس کی حوالا ت سے اغواء برائے تاوان کے ملزمان کے فرار کا سی پی او محمد احسن یونس نے نوٹس لیا تھا اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو معاملے کی انکوائری کروانے کا حکم دیاتھا جس پر ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے اہلکاروں کو چارج شیٹ جاری کر کے باقاعدہ محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کیے جس پراس وقت کے ایس پی سی آئی اے آصف مسعود اور ایس پی صدر ضیاء الدین احمد نے معاملے کی الگ الگ انکوائری عمل میں لائی ،انکوائری میں اہلکاروں کی جانب سے فرائض میں سنگین غفلت و لاپرواہی برتنے کے الزامات درست ثابت ہونے پر سابقایس ایچ او ائرپورٹ،محرر سٹاف سمیت 8پولیس اہلکاروں کو ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ نے نوکری سے برطرف کر دیا۔نوکری سے فارغ کئے گئے افسران میں سابقایس ایچ او ائر پورٹ سب انسپکٹر محمد ریاض،سب انسپکٹر محمد الیاس، اے ایس آئی نوشیروان عادل، ہیڈ کانسٹیبل غلام حسین ، ہیڈ کانسٹیبل وقار حیدر، کانسٹیبل محمد عادل، کانسٹیبل عمر جاویداور کانسٹیبل تنویر احمد شامل ہیں۔