غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کم نہ ہوسکی، بجلی گھنٹوں بند ،صارفین کو مشکلات

June 12, 2021

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) جڑواں شہروں میں گرمی کی شدت کے باوجود غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کم نہیں ہوسکی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں اوور لوڈ رہنے کی وجہ سے متعدد علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامناہے، بالخصوص طارق آباد میں بجلی کی طویل بندش سے مکین پریشانی سے دوچار ہیں۔ دور دراز دیہات میں 6 سے 8 گھنٹے مسلسل بجلی غائب رہنے لگی۔ آئیسکو چیف کے دعوؤں کے باوجود جڑواں شہروں میں لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے اکثر مقامات پر ٹرپنگ کی شکایت ہے۔ آئیسکو بجلی کی ڈیمانڈ 2000 میگاواٹ سے بڑھ گئی جس کی وجہ سے مختلف سب ڈویژنز میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شدید گرمی میں مکینوں خصوصاً عورتوں ،بچوں اور بوڑھوں کو تکالیف کا سامنا ہے ۔ نصیر آباد کے مکینوں نے بتایا کہ گزشتہ ساری رات بجلی بند رہی۔ صارفین نے بتایا کہ ایس ڈی او اور شکایت سننے والے فون تک نہیں اٹھاتے۔ ادھر طارق آباد سب ڈویژن میں راجہ اکرم کالونی کے مکینوں نے بتایا کہ صبح سے بجلی غائب ہے ،کوئی شکایت سننے کو تیار نہیں ۔ صارفین نے بتایا کہ ٹرانسفارمر فیوز لگانے میں 3 سے 9 گھنٹے لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سےگر می میں صورتحال زیادہ سنگین ہو جاتی ہے۔ اکثر سب ڈویژن میں سٹاف کی کمی سے صورتحال اور زیادہ سنگین ہو جاتی ہے۔ صارفین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سٹاف کی کمی کو دور کرکے مسائل پر قابوپایا جائے۔بجلی کی عدم موجودگی سے اکثر علاقوں میں پانی کی کمی کی شکایت بھی ملی ہے۔ صارفین نے بتایا کہ بجلی بحالی میں اتنا وقت لگ جاتا ہے کہ یو پی ایس بھی کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ صارفین نے آئیسکو چیف سے مطالبہ کیا ہےکہ سب ڈویژن میں بروقت کام نہ کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔