بہترکارکردگی پر پولیس افسران کونقدانعامات اور اسناد دی جائینگی

June 12, 2021

راولپنڈی ( وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) پنجاب بھر کے36اضلاع میں بہترکارکردگی دکھانےوالے 106ایس ایچ اوز اورانچارج انویسٹی گیشنز میں 60 لاکھ پچاس ہزارروپےکےنقدانعامات اور تعریفی اسنادتقسیم کی جائینگی۔ آئی جی پولیس پنجاب انعام غنی کی جانب سے بڑے اشتہاریوں اور کریمنلز کو گرفتار کرنے والےایس ایچ اوز اوربہتر تفتیش کرکے ملزموں کوسزائیں دلوانے والےتفتیشی افسروں کیلئے انعامی رقم کااعلان کیاگیاہے ۔ اس حوالے سے سینٹرل پولیس آفس لاہورسے انعامات پانے والے ایس ایچ اوزاورتفتیشی افسروں کی فہرست گزشتہ روزجاری کردی گئی ،صوبہ بھر کے 106افسران کے لئے انعامی رقم متعلقہ اضلاع کوبھجوادی گئی،آئی جی پنجاب نے کہاہے کہ جس تفتیشی افسر کی تفتیش پر ملزم کو سزائےموت یا عمر قید ہوگی اس تفتیشی کو ایک لاکھ انعام اورسی سی ون سرٹیفیکیٹ دیاجائے گا۔دس سال یااس سے زیادہ قید کی سزادلوانے پرپچاس ہزار روپے سی سی ٹو اور تین سال سے اوپر سزادلوانے پر تفتیشی افسر کو بیس ہزار روپے اور سی سی تھری سرٹیفیکیٹدیا جائے گا۔ راولپنڈی ریجن میں ضلع راولپنڈی سے ایس ایچ اونیوٹاؤن انسپکٹرمرزاجاوید اقبال ،اٹک میں تھانہ اٹک خوردکے سب انسپکٹرگل فرازخان ،ضلع چکوال میں تھانہ چوآسیدن شاہ کے سب انسپکٹرمحمدعجائب ،ضلع جہلم کے تھانہ پی ڈی خان کے سب انسپکٹرظہیرالدین بابرکوایک ،ایک لاکھ روپے نقداورسی سی ون سرٹیفیکیٹ ،راولپنڈی ضلع میں تھانہ مری کے ایس ایچ اوانسپکٹرراجہ عبدالرشید،ضلع اٹک کے تھانہ صدرحسن ابدال کے سب انسپکٹرنیازاحمد،ضلع چکوال کے تھانہ نیلہ کے سب انسپکٹرمحمدفاروق اورضلع جہلم کے تھانہ سوہاوہ کے ٹی ایس آئی محمدآصف کوپچاس ،پچاس ہزارروپے نقد اورسی سی ٹو،ضلع راولپنڈی کے ایس ایچ اوتھانہ صادق آبادطاہراحمدریحان ،ضلع اٹک کے تھانہ فتح جنگ کے سب انسپکٹرحامدکاظمی ،ضلع چکوال کے تھانہ لاواکے سب انسپکٹرعامرشہزاداورضلع جہلم کے تھانہ ڈومیلی کے سب انسپکٹرناصرمحمودکوبیس ،بیس ہزارروپے کیش اورسی سی تھری دینے کااعلان کیاگیاہے ،ضلعی افسران کو اپنے ضلعوں میں تقریب کاانعقاد کرکے تعریفی اسناداورنقدانعام دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔