تنخواہوں و پنشن میں 10فیصداضافہ مسترد سیکرٹریٹ ایمپلائز کونسل کا احتجاج کا فیصلہ

June 12, 2021

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کو آرڈینیشن کونسل کااجلاس زیر صدارت کونسل کے مرکزی صدر چوہدری محمد حسین طاہر ہوا جس میں کونسل کے سیکرٹری جنرل ذوالفقار احمد ، سینئرنائب صدر محمدنسیم خان،نائب صدر محمدارشد شاہکوٹی، نائب صدر محمد کامران شاہ ، عبدالستار چوہدری، راجہ عطاء الرحمان اور محمد فاروق شیخ نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنخواہوں اور پنشن میں 10فیصداضافہ مسترد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محمد حسین طاہر اور ذوالفقار احمد نے کہا کہ جلد وفاقی و صوبائی ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سیکرٹریٹ کے عہدیداروں کا ہنگامی اجلاس بلا کر احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔ عہدیداران نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں میں تفریق کو ختم کیا جائے۔ تمام ایڈہاک ریلیف بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے تنخواہوں اور پنشن میں 50فیصد اضافہ کیا جائے کیونکہ مہنگائی کی موجودہ لہر اور اشیاء خور د و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے ساتھ ساتھ بجلی گیس اورپانی کے بلوں میں مسلسل اضافے نے ملازمین کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ کونسل تنخواہوں اور پینشن میں 10فیصد اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے۔ سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت اس پر نظر ثانی کرے۔