تاجرسے 75لاکھ لوٹنے والے ملزم گرفتار، رقم برآمد

June 12, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)سنگاپورپلازہ کے تاجرسے گن پوائنٹ پر رقم لوٹنے والے ملزموں کوحراست میں لے کرچھینی گئی رقم برآمدکرلی گئی۔ رات گئے سنگاپورپلازہ ٹریڈرزکے صدراورآل پاکستان موبائل فون ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری منیربیگ مرزانے جنگ کوبتایاکہ جمعرات کی رات ہونے والی ڈکیتی کی واردات تھانہ کینٹ پولیس نے ٹریس کرکے چھینی گئی رقم برآمدکرلی ہے اورملزموں کوگرفتارکرلیاگیاہے۔ انہوں نے سی پی اوراولپنڈی کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے محض 24گھنٹے کے اندرڈکیتی کی واردات کاسراغ لگاکراپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کامظاہرہ کیاہے، تاجربرادری اس سلسلے میں جلدراولپنڈی پولیس کے اعزازمیں تقریب منعقد کرے گی۔ جمعرات کی رات پونے نوبجےسنگاپور پلازہ کے ہول سیل د کاندار عبدالستار خان سے 75 لاکھ روپے گن پوائنٹ پرچھین لئے گئے تھے ،وقوعہ کی ایف آئی آرگزشتہ روزتھانہ کینٹ میں درج کی گئی تھی ۔ادھررقم کی برآمدگی اورملزموں کی گرفتاری بارے راولپنڈی پولیس کی جانب سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیاگیا۔اس سے قبل جمعہ کوآل پاکستان موبائل فون ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکٹری اور سنگا پور پلازہ کے صدر منیر بیگ مرزا کی سربراہی میں دیگرتاجرراہنماؤں لطیف اللہ خان یوسفزئی، ذوالفقار احمد، راجہ علی دھنیال، فرخ بشیر، علی اصغر اعوان پر مشتمل وفد نے سی پی او راولپنڈی احسن یونس سے ان کے دفترمیں ملاقات کی اور مذکورہ وقوعہ کے علاوہ سنگا پور پلازہ اور بنک روڈ پر موٹرسائیکلوں کی روزانہ چوری اورراہ زنی کی وارداتوں بارے تشویش کااظہارکیا ،سی پی او صاحب نے وفد کو یقین دھانی کرائی تھی کہ جلد ڈاکوؤں اور موٹرسائیکل چوروں کو پکڑکر کیفرکرداد تک پہنچائیں گے۔