تبادلوں کے باوجود متعدد افسران سرکاری رہائش گاہوں پر قابض

June 12, 2021

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں سرکاری رہائش گاہوں کی کمی کے باوجود متعدد سرکاری رہائش گاہوں پر راولپنڈی سے تبدیل ہونے والے افسران تاحال قابض ہیں جو سرکاری پالیسی کے مطابق بنیادی تنخواہ 60فیصد جرمانہ/ کرایہ بھی جمع نہیں کراتے۔آڈٹ اعتراضات کے باوجود کارروائی بھی نہیں ہورہی ۔راولپنڈی سے تبدیل ہونے والے سرکاری افسران جو تاحال سرکاری رہائش گاہوں میں مقیم ہیں ان میں میاں بہزاد عادل،طلعت گوندل،ملیحہ جمال،ڈاکٹر عمر جہانگیر، عارف رحیم ،کنول بتول اور دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق عارف رحیم جو جی او آر ون میں ہائوس نمبر9/2cمیں موجود ہیں ان پر آڈٹ حکام نے اعتراض لگایا اور بنیادی تنخواہ کا 60فیصد کرایہ وصول کرنے کا کہا تھا جوپانچ لاکھ32ہزار 904روپے بنتا ہے ۔آڈٹ حکام کے اعتراض کے بعد کمشنر آفس نے نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی گلزار حسین سے رابطہ کیا گیا تاہم کوئی جواب نہیں ملا۔