سینئر اور ینگ ڈاکٹرز ،نرسز ،میڈیکل سٹاف نے بجٹ کو مایوس کن قرار دیدیا

June 12, 2021

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پنجاب کے سینئر ڈاکٹروں ، پی ایم اے ، ینگ ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے وفاقی بجٹ 22-2021ءکو مسترد کر تے ہوئےکہا ہے کہ مایوس کن بجٹ میں ہیلتھ سیکٹر میں کوئی بڑا فیصلہ سامنے نہیں آیا ، ہائوس آفیسر کی تنخواہوں کوئی اضافہ نہیں ہو گا کورونا سے متاثرہ ہیلتھ پروفیشنلز کے لئے کوئی ریلیف نہیں دیا گیا اور نہ ہی ملک میں کسی وفاقی ٹیچنگ ہسپتال کا اعلان کیا گیا ہے تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ مایوس کن ہے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے درعمل میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ سالہاسال کےبعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ انتہائی مایوس کن ہے اس سے مسائل حل نہیں بلکہ مزید بڑھیں گے یہ ریلیف مہنگائی کا مقابلہ نہیں کر سکتا وفاق نے ہیلتھ سے اپنا ہاتھ کھینچ لیا ہے بجٹ میں لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا ہے ۔ینگ ڈاکٹر ز ایسوی ایسن پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر سلمان کاظمی نے کہا کہ انتہائی مایوس کن بجٹ پیش کیا گیاہے جس میں میڈیکل پروفیشن سے وابسطہ افراد کے لئے کوئی ریلیف نہیں ہے 10فیصد اضافے سے ہسپتالوں میں کام کرنے والے ہزاروں ہائو س آفیسر کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انصاف کارڈ کے کے نام پر بہت بڑا فراڈ ہو رہا ہے دیہی علاقوں میں جعلی آپریشن کئے جارہے ہیں اور جعلی بلوں پر پیسے وصول کئے جارہے ہیں ۔ینگ ڈاکٹر ز ایسو سی ایشن پنجاب کے سرپرست اعلی اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کہ ہم غیر تسلی بخش بجٹ کو مسترد کرتے ہیں حکومت جی ڈی پی کا اگر 3فیصد بھی ہیلتھ پر خرچ کرے تو ملک میں حالات بدل جائیں گے مگر حکومت جی ڈی پی کا ایک فیصد بھی خرچ نہیں کر رہی جس کا اندازہ بجٹ سے لگایا جا سکتا ہے حکومت کو بجٹ میں نئے ہسپتالوں کے قیام کے لئے اور پرانے ہسپتالوں کو چلانےکے لئے خصوصی بجٹ رکھنا چاہئے تھا مگر ایسا کچھ نہیں ہوا ۔ پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن پنجاب کے صوبائی چیئر مین ملک منیر اعوان نے کہا کہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہیں اضافہ 30فیصد ہونا چاہئے تھا تاکہ ملازمین اس منہ زور مہنگائی کا مقابلہ کر سکتے 10فیصد اضافہ ناکافی ہے حکومت نے کورونا وائرس کے دوران گزشتہ دو سال سے کام کرنے والےڈاکٹرز ، نرسز اور پیرا میڈیکس کے لئے ہیلتھ پروفیشنل الائونس کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا جس شرم کی بات ہے اور نہ ہی کورونا کے حوالے سے حکومت کوئی مناسب اعلان کر سکی ہے ہم اس حوالے سے جلد لائحہ عمل طے کر کے احتجاج کا اعلان کر یں گے ۔