عمران خان اسلامو فوبیا کیخلاف امت مسلمہ کے تر جمان ہیں،گور نر

June 12, 2021

لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب چودھری محمدسرور اور وزیر خارجہ شاہ محمودقر یشی کی ملاقات۔گو ر نر پنجاب کے دورہ امریکہ،مسئلہ فلسطین اور کشمیر سمیت دیگر ایشوز پر بات چیت کی گئی ۔ چودھری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں سفارتی محاذ پرپاکستان کامیابی کے ساتھ آگے بڑ ھ رہا ہے۔ فلسطینی عوام پر اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے جس طر ح پوری دنیا میں مقدمہ لڑا ہے اس میں شاہ محمودقر یشی کا اہم کردار ہے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ آج دنیا پاکستان کے موقف کو نہ صرف سن رہی ہے بلکہ سفارتی محاذ پر بھارت تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اسلامو فوبیا کے خلاف امت مسلمہ کے تر جمان ہیں وقت آچکا ہے دنیا اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر ے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا اس لیے کل نہیں آج ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو حل کر نا ہوگا ۔