غیرمنظور شدہ تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائیگا،ڈی جی ایم ڈی اے

June 12, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے آغا محمد علی عباس نے کہا ہے کہ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ تعمیرات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ غیر منظور شدہ اور بے ھنگم تعمیرات شہر کی خوبصورتی کو بگاڑنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو متاثر کرتی ہیں۔ ایسی تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو عوام کیلئے مسائل پیدا کریں۔ انفورسمنٹ ٹیم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات مافیا سے نپٹنے کے لئے انفورسمنٹ سیل اور ٹاؤن پلاننگ ڈائریکٹوریٹ کے اختیارات کو وسیع کر دیا گیا ہے۔ انفوسمنٹ انسپکٹر زکو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن لینے کے لئے شہری ترقیاتی ایکٹ 1976کے دفعہ39کے تحت نوٹس جاری کرنے کے اختیارات دے دئے گئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ محمد آفاق بھٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایم ڈی اے کنٹرولڈ ایریاز کو 2زون ساؤتھ اور نارتھ زون میں تقسیم کر دیا ہے۔ جبکہ ہر زون کو 8 سیکٹرز میں تقسیم کر کے فیلڈ سٹاف کو مختلف ائیریاز تفویض کر دئے گئے ہیں۔ تمام فیلڈ سٹاف اپنے اپنے ائیریا میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو کنٹرول کریں گے۔ اجلاس میں انفورسمنٹ سپرنٹنڈنٹ عدنان، انفورسمنٹ اور بلڈنگ انسپکٹرز موجود تھے۔