مساجد، منبر کی حمایت کے بغیر کوئی مہم کامیاب نہیں ہوسکتی، ڈپٹی کمشنر

June 12, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا ھے کہ ہماری زندگی میں مساجد، مدارس اور منبر کا بہت رول ہے جب بھی منبر سے بات کی جاتی ہے اس کا بہت وزن ہوتا ہے جب تک کسی مہم میں منبر کو شامل نہ کیا جائے تو وہ مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اس لیے ہم نے اپنی اس مہم میں علماء کرام کو بھی شامل کیا ہے تاکہ عوام تک کورونا ویکسین کے حوالے سے پیغام پہنچ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے خیبر پختونخوا کے جید علماء کرام کے ساتھ اہم اجلاس کے موقع پر کیا۔ انھوں نے علماء کرام سے درخواست کی کہ وہ جمعتہ المبارک کے خطبات میں عوام پر زور دیں کہ وہ خود اور اپنے فیملی ممبران کو کورونا ویکسین لگوائیں تاکہ زندگی معمول کی جانب آ سکے اور کورونا کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہاکہ اس وقت ہمارا سامنا ایک موذی مرض سے ہے جس نے دنیا میں تباہی مچائی ہے اس وقت حکومت عوام کو فری ویکسین فراہم کر رہی ہے تاکہ ہماری زندگی معمول کی جانب آسکے۔ آج ویکسین ضرورت بن گئی ہے اور جتنا جلدی ہم اس کو سمجھیں گے ہماری زندگی معمول کی جانب آئے گی۔ اس موقع پر علماء کرام نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ حکومت کی اس مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے علماء کرام کے ساتھ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق، مولانا حسین احمد نائب مہتمم جامعہ عثمانیہ وفاق المدارس، مولانا طیب قریشی چیف خطیب و پیش امام مسجد مہابت خان، شیخ الحدیث قاری احسان الحق جامعہ دارلعلوم سرخد، شیخ الحدیث مولانا خیر البشر،مفتی ظفر زمان حقانی سمیت دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ علماء کرام نے اجلاس کے دوران کورونا ویکسین بھی لگوائی اور عوام کو باور کروایا کہ کورونا کی ویکسین کیوں ضروری اور محفوظ ہے ۔ اس موقع پر علماء کرام نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ حکومت کی اس مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔