مکان کا بیرونی رُخ خوبصورت بنائیں

June 13, 2021

کسی بھی چیز کی ظاہری صورت اس کے باطن کا پتہ دیتی ہے۔ دیکھا جائے تو ظاہری شکل و صورت ہی پہلا تاثر قائم کرنے یا متاثر کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ یہی معاملہ مکان کے ساتھ بھی ہے، اگر ظاہری شکل متاثرکن ہوگی تو مکان کو دیکھنے والا اس کے اندرونی حصے کے خوبصورت ہونے کا بھی گمان کرے گا۔

گھر آئے مہمان جب باہر کھڑے دروازہ کھلنے کا انتظار کررہے ہوتے ہیں تو ان کی نظر مکان کے بیرونی رُخ پر ہی ہوتی ہے۔ اگر وہ خوبصورت، منفرد اور جدید انداز میں تعمیر شدہ ہوگا تو مہمان یقیناً آپ کے تعمیراتی ذوق کو سراہیں گے۔

مکان کے اندرونی حصے (بیڈروم، کچن، لاؤنج، ڈرائنگ روم) کی جانب رُخ کرنے سے قبل ہی بیرونی حصہ آپ کی شخصیت کی عکاسی کرے گا۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین مکان کے بیرونی حصے کو بھی اتنا ہی اہم تسلیم کرتے ہیں جتنا کہ اندرونی حصے کو۔ ان کے نزدیک اس حصہ کی سجاوٹ اور خوبصورتی مکان کی قدروقیمت بڑھانے کے لیے بھی ضروری ہے۔ مکان کے بیرونی رُخ کو دلکش بنانے پر کی گئی محنت آپ کے گھر کو چار چاند لگا دے گی۔ آئیے آج ایکسٹیریئر ڈیزائننگ میں استعمال ہونے والے مٹیریل اور کچھ جدید آئیڈیاز سے متعلق کچھ بات کرتے ہیں۔

مٹیریل کا انتخاب

آرکیٹیکچرل انجینئرنگ کی ترقی نے بہت سے اسٹائل اور جدید تعمیراتی انداز متعارف کروائے ہیں، لہٰذا اب مکان کی تعمیر کے وقت یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوگیا ہے کہ ان میں سے کس کا انتخاب کیا جائے۔ ایسا ہی کچھ معاملہ مکان کی تعمیر کے دوران مٹیریل کے انتخاب کے وقت پیش آتا ہے۔ مارکیٹ میںدستیاب کئی مٹیریل میں دھاتی ،پتھری ،میسنری کنکریٹ ،ٹائلز، شیشہ اور مارٹر پلاسٹر مقبول ہیں۔

ان مٹیریل میں سے آپ جس مٹیریل کا بھی انتخاب کریں، تو کوشش کریں کہ وہ زیادہ سے زیادہ پائیدار اور طویل عرصے تک چلنے والا ہو۔ ایسے میںاس بات کو مدِنظر رکھیں کہ جس مٹیریل کا انتخاب کیا جائے، اس کے استعمال کے بعد آپ کے گھر کے بیرونی حصہ بہت روشن اور شاندار محسوس ہو ۔

پتھر کی دیوار

ان دنوں مکانات کی تعمیر میں آرائش پتھری دیواروں کا استعمال بطور ٹرینڈ کیا جا رہا ہے۔ مکان کے بیرونی رُخ کی ڈیزائننگ بھی پتھر کی دیوار تعمیر کرواکے کی جاسکتی ہے۔ مختلف سائز کے پتھروں کے ذریعے تعمیر کی گئی دیوار منفرد وضع فراہم کرے گی۔

یہ دیوار بیرونی رُخ کے مرکزی حصے یا دونوں سائیڈ والی دیواروں میں بنائی جاسکتی ہے۔ دیوار کسی بھی قسم کے پتھر سے تعمیر کروائی جاسکتی ہے اور آپ یہ اسٹائل بآسانی اپنے ذوق کے مطابق منتخب کر سکتے ہیں۔

رنگوںکا امتزاج

مکان کے بیرونی رُخ کی ڈیزائننگ کرتے ہوئے ہلکے اور گہرے دونوں رنگوں کے ملاپ کے ذریعے بھی بہترین اور جدید وضع فراہم کی جاسکتی ہے۔ شرون ولیم کے مطابق رنگوں کے انتخاب میں تین طرح کے مختلف اسٹائل دیے جاسکتے ہیں۔

1- دو رنگوں کا انتخاب مکان کے بیرونی رُخ کو منفرد وضع دے سکتا ہے ۔

2-ایک گہرے اور ہلکے رنگ کو ملا کر آپ ایک جدید اور فیشن ایبل وضع حاصل کر سکتے ہیں۔

3- رنگوںکے امتزاج کا ایک منفرد طریقہ یہ بھی ہے کہ ایک رنگ سے بیرونی حصے کی تعمیر کے بعد بیرونی دروازوں کو کنٹراسٹ رنگ میں لگاکر جمالیاتی حسن پیدا کیا جاسکتا ہے۔

لکڑی کا استعمال

مکان کی تعمیر میںلکڑی کا استعمال کبھی آؤ ٹ آف فیشن نہیں ہوتا۔ لکڑی کا جدید انداز سے استعمال آج بے حد اِن ہے۔ فرش ہو یا لکڑی کی دیواریں، کیبنٹ ہو یا لکڑی کی الماریاں، سب ہی جدید فن تعمیر کا حصہ مانی جاتی ہیں۔ مکان کے بیرونی رُخ کی ڈیزائننگ کے لئے بھی مہارت اور سمجھداری سے لکڑی کا استعمال اسے منفرد اسٹائل سے نواز سکتا ہے، جس کے لئے لکڑی کی پتریاں ایک بہترین تجویز ہے۔

ساری کھڑکیوں اور بالکونیوں کو افقی اور مختلف موٹائی کی لکڑی کی پتریوں سے ڈھک کر آپ ایک بے مثال ڈیزائن بنا سکتے ہیں۔ ساتھ ہی لکڑی کے ساتھ ڈیزائننگ کے لئے چھوٹے شہتیروں کا استعمال ایک اچھا خیال ہے۔ یہ شہتیر لکڑی کے ٹکڑوں سے بنائے جاتے ہیں جو ڈھانچے کو پائیداری فراہم کرتے ہیں۔ نرم لکڑی یا اسکرینوں کے استعمال سے ایک طرف مکان کی بیرونی دیواروں کو سورج کی تیز روشنی سے بچایا جاسکتا ہے تو دوسری جانب دیواروں کی قدرتی خوبصورتی میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

شیشے کا کام

شیشےکا استعمال جدید فن تعمیر میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔ اگر آپ اپنے مکان کے بیرونی رُخ کو ماڈرن لُک دینا چاہتے ہیں تو آپ اوپر کی منزل پر شیشے کی دیواروں کا استعمال لازمی کریں۔ یہ دیواریں نہ صرف گھر میں حتی المقدور روشنی لاتی ہیں بلکہ باہر سے شاہانہ بھی نظر آتی ہیں۔

بیرونی حصہ اور مرکزی دروازہ

خوبصورت دروازے لگا کر بھی مکان کے بیرونی رُخ کو بآسانی نکھاراجاسکتا ہے۔ لوہے کی سلاخوں سے بڑے بڑے دروازے بنائے جاسکتے ہیں اور ان کی لمبائی جتنی ممکن ہو بڑھائی جاسکتی ہے۔ یہ نہ صرف خوبصورت نظر آتے ہیں بلکہ ان کی وجہ سے ساری جگہ وسیع لگتی ہے۔ اس کے علاوہ لکڑی کے منفرد طرز کے دروازے بھی خوبصورتی فراہم کرتے ہیں۔