جدید تعمیراتی انداز اور تاریخ

June 13, 2021

آج دنیا تعمیرات کے انتہائی جدید دور سے گزر رہی ہے اور فلک بوس عمارتیں تعمیر کرنا اب ایک عام سی بات ہوگئی ہے۔ آج دنیا تعمیرات کے روایتی سازوسامان کے استعمال کے علاوہ ایسے مواد بھی استعمال کررہی ہے جو زیادہ ماحول دوست اور پائیدار ثابت ہوسکتے ہیں۔ تاہم بنیادی بات یہی ہے کہ ہمارا جدیداندازِ تعمیر آج ہی تخلیق نہیں ہوگیا، بلکہ یہ کئی صدیوں پر محیط انسانی تاریخ سے متاثر ہوتا دِکھائی دیتا ہے۔

زیادہ دور مت جائیں، پاکستان کی جغرافیائی حدود پر ہی نظر دوڑائیں تو ہمیں موہن جو دڑو کی صورت میں ایک عظیم تعمیراتی اور شہری منصوبہ بندی کا حامل شہر نظر آتا ہے، جو ڈھائی ہزار سال سے قبل کا ہونے کے باوجود، شہری منصوبہ بندی میںانتہائی جدید تھا۔ پاکستان سے باہر دیکھیں تو ہزاروں برس قدیم بابل تہذیب اور اہرام مصر جیسے فن تعمیر موجودہ تعمیرات کی میراث ہیں۔

سلطنت روم کی سڑکیں

کہاوت ہے کہ تمام سڑکیں روم جاتی ہیں۔ یہ یقینی طور پر درست نہیں ہے لیکن قدیم روم کے شہری یقیناً ایک یا دو چیزیں اس کے بارے میں جانتے تھے۔ رومیوں سے پہلے شہروں اور قصبوں کے درمیان سفر کے لیے کوئی آسان راستہ موجود نہیں تھا لیکن وہ بڑی آبادیوں کے درمیان ذرائع نقل و حرکت اور تجارت کے مؤثر نظام کی اہمیت کو سمجھ گئے اور پائیدار اور دیرپا راستوں کی تعمیر شروع کی گئی۔

اہرامِ مصر

قدیم اہرام مصر کا جدید تعمیرات پر گہرا اثر ہے اور آج بھی جدید عمارتوں کے منصوبوں میں اس کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ اہرام مصر کے طرز کی عمارتوں کو دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جا سکتا ہے، جن میں امریکی شہر میمفس میں واقع پیراڈ ایرینا، امریکا کے ہی شہر لاس ویگاس میں لکژور ہوٹل، جاپان کا نیما سینڈ میوزیم شامل ہیں۔ پیرس کے مشہور عجائب گھر لوو کے داخلی راستے کو بھی نہ بھولیں جس کے باہر شیشے سے بنا ہرم آپ کا استقبال کرے گا۔

بابل تہذیب

یورپی شہر پیرس میں نکاسی آب کے نظام نے 1850ء میں کام کرنا شروع کیا تھا جبکہ لندن کو اس نظام کے لیے مزید 16برس انتظار کرنا پڑا، جب 1866ء میں انجینئر جوزف بیزلگیٹی نے نکاسی آب کا نظام ڈیزائن کیا۔ لیکن بابل میں چار ہزار قبل از مسیح میں ہی نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر فعال تھا اور باقی دنیا کو اس تک پہنچنے میں طویل انتظار کرنا پڑا۔بابل کے قدیم شہر کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہاں چکنی مٹی کی مدد سے پائپ بنائے گئے تاکہ گندے پانی کو شہر سے باہر نکالا جا سکے۔

قدیم یونان کی پلمبنگ

قدیم یونان کو اس زمانے میں سادہ الفاظ میں پلمبنگ میں مہارت کا نمونہ کہا جا سکتا ہے۔ قدیم یونان میں مٹی کے پائپ زیر زمین بچھائے گئے اور اس کے دارالحکومت کنوسوس میں صاف پانی کو لانے اور گندے پانے کو باہر لے جانے کا باقاعدہ نظام موجود تھا۔ اس کے علاوہ عمارتوں کو گرم رکھنے کا نظام بنایا گیا اور یہاں سب سے پہلے فلش سسٹم کا استعمال ہوا، جسے 18ویں صدی قبل از مسیح میں اپنایا گیا۔