اونٹاریو واقعے کیخلاف سخت ایکشن ہونا چاہیئے: وزیرِ اعظم عمران خان

June 12, 2021

وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اونٹاریو واقعے کے بعد ہر پاکستانی افسردہ ہے، اس اقدام کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیئے۔

عالمی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے اونٹاریو واقعے کے بعد حکومتوں پر نفرت اور انتہاپسندی کے خلاف اقدامات کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن نفرت اور انتہا پسندی کے خلاف عالمی رہنما اقدامات کریں، نفرت پھیلانے والی ویب سائٹس کے خلاف بھی ایکشن ہونا چاہیئے۔

وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو کینیڈین وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ بھی اٹھایا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کینیڈین وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز مواد کے خلاف اقدامات کو سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی رہنماؤں نے جب اس پر ایکشن لینے کا سوچا وہ نمٹ لیں گے، مغربی ممالک کے رہنما اس بات کو سمجھے ہی نہیں۔

وزیرِاعظم عمران خان کا عالمی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے یہ بھی کہنا ہے کہ بطور انسان آپ کو آزادی ہے، مگر آپ کے فعل سے کسی دوسرے کو تکلیف نہ پہنچے۔