بجٹ مسترد کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

June 12, 2021

وفاقی بجٹ 22-2021ء کو مسترد کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

یہ قرار داد پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ نون کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایوان وفاقی حکومت کے غریب دشمن بجٹ کو مسترد کرتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کا بجٹ صرف اعداد و شمار کے ہیر پھیر پر مشتمل ہے، وفاقی حکومت نے بجٹ میں پنجاب کے لیے ایک بھی منصوبے کا اعلان نہیں کیا۔

نون لیگ کی قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاق 3 سال سے مسلسل پنجاب کے حصے کا مختص کردہ بجٹ خود استعمال کر رہا ہے۔

پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی شرح 11 فیصد بڑھ چکی ہے، ایسے میں مزدور کی تنخواہ میں 10 فیصد اضافہ افسوس ناک ہے۔