ہم سب کو ملکر فلسطین کے اندر استحکام لانے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، اولڈہم میں مظاہرہ

June 13, 2021

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) یونائیٹڈ فار فلسطین کی جانب سے اولڈہم پارلیمنٹ سکوائر میں ہونے والے مظاہرے میں مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور فلسطین کی آزادی کا مطالبہ کیا۔رکن برطانوی پارلیمنٹ ڈیبی ابراہم کا کہنا تھا کہ ہم سب کو مل کر فلسطین کے اندر استحکام لانے کے لیے کردارکرنا ہو گا ، فلسطین کے اندر ہنگامہ آرائی ناقابلِ برداشت ہے ۔انٹر فیتھ فورم اولڈہم کے راہنما فضل رحیم نے کہا کہ پچھلے برس سے ہی فلسطینی بھیانک واقعات سے گزر رہے ہیں وقت آگیا ہے کہ ان کی داد رسی کی جائے ۔ کونسلر یاسمین طور کا کہنا تھا مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے فلسطین میں ہونے والے ظلم وستم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈکرایا اور اپنے غم و غصّے کا اظہار کیا۔ پادری فل سمن نے کہا کہ مسلمان کمیونٹی کے اندر سخت غصہ پایا جاتا ہے اور عیسائی مذہب کے پیروکار بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اولڈہم کونسل کی لیڈر عروج شاہ نے کہا کہ ہم یہاں فلسطین کی آزادی کے لیے اکٹھے ہوئےہیں۔ انسانیت کے ناطے ہم فلسطینیوں کیساتھ ظلم کی مذمت کرتے ہیں۔ کونسلر محمد الیاس اور سارہ ویلکنسن نے بھی فلسطینیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فلسطینی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ ختم ہونا چا ہئے اور اولڈہم میں اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والی فیکٹری بند ہونی چا ہئے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے اقوام متحدہ عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔