برطانیہ سمیت بڑے ممالک کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کیلئے کردار ادا کریں،ڈیبی براہم، بریڈ فورڈ میں ویڈیو کانفرنس

June 13, 2021

بریڈفورڈ ( محمد رجاسب مغل ) 11جون سانحہ چھوٹا بازار کے موقع پر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، ویڈیو کانفرنس کی مہمان خصوصی برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی براھم تھیں جبکہ ویڈیو کانفرنس کی صدارت تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین و کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین نے کی۔ ویڈیو کانفرنس میں 11 جون 1991ء سانحہ چھوٹا بازار کے شہدا کو ان کی بے مثال قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا، کانفرنس میں کشمیر کی تازہ صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور سفارتی محاذ پر ممکنہ کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ویڈیو کانفرنس سے کشمیر پارلیمنٹری گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی براھم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے عالمی برادری کی طرف سے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ذریعے بین الاقوامی قوانین، اصول اور معاہدوں کو بے دردی سے روندا جا رہا ہے، سانحہ چھوٹا بازار جیسے واقعات انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثال ہیں، برطانیہ سمیت بڑے ممالک کو کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر گروپ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، ہم نا صرف برطانوی پارلیمنٹ بلکہ عالمی فورمز پر بھی بھرپور آواز بلند کریں گے۔ اس موقع پر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے چھوٹا بازار سانحہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کے واقعات آئے روز رونما ہوتے ہیں، بھارتی درندگی تسلسل کے ساتھ جاری ہے، 11 جون 1991ء کا یہ ایک واقعہ ہے جس میں نہتے اور معصوم کشمیریوں کو بھرے بازار میں گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا یہ بھارتی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، گزشتہ 30 برس میں کشمیریوں نے اس طرح کے سینکڑوں واقعات کا سامنا کیا ہے، سانحہ چھوٹا بازار ہو یا سانحہ کنن پوش پورہ یا کوئی اور واقعہ یہ سب واقعات بھارت کی سفاکیت اور درندگی کا ثبوت ہیں، ایسے سنگین اور دردناک واقعات کے باوجود عالمی برادری اور عالمی اداروں کی خاموشی دوہرے معیار کی عکاسی ہے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم ہر سطح پر اور ہر موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے، برطانیہ، یورپ، امریکہ سمیت سفارتی محاذ پر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم اپنا مشن جاری رکھے گی، کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ راجہ نجابت حسین نے جہاں کانفرنس کے شرکاء کو کشمیر کی صورتحال بارے بریفنگ دی وہیں تحریک حق خودارادیت کی سفارتی محاذ پر کشمیر کے حوالے سے کانفرنسوں اور دیگرسرگرمیوں بارے بھی تفصیلی آگاہ کیا۔ کانفرنس سے جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، معروف کشمیری رہنما شیخ تجمل الاسلام، ڈائریکٹر پروگرامز تحریک حق خودارادیت ہیری بوٹا، ویسٹ مڈ لینڈ کی چیئرپرسن آسیہ حسین، یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے صدر عبید الرحمٰن قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا، مقررین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 11 جون 1991ء کو چھوٹا بازار میں بھارتی فورسز کی درندگی کا نشانہ بننے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شیخ تجمل الاسلام نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی سنگین کارروائیوں اور بھارتی اقدامات کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا، شیخ تجمل الاسلام نے ایم پی ڈیبی ابراھم اور کشمیر پارلیمنٹری گروپ کے ممبران سے کشمیر میں کورونا وائرس کی صورتحال اور دیگر بھارتی اقدامات پر تفصیلی رپورٹ جاری کرنے اور عالمی اداروں کی توجہ دلانے کے لیے کوششوں کی بھی اپیل کی۔ کونسلر یاسمین ڈار اور ہیری بوٹا نے برطانیہ میں کانفرنسز اور سیمینارز کے علاوہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کشمیر ایشو پر لابنگ کے حوالے سے گفتگو کی۔ کانفرنس میں جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے 11 جون سے 13 جون تک جی سیون ممالک کے برطانیہ کے شہر کارن وال میں منعقدہ تین روزہ اجلاس کے موقع پر کل جماعتی کشمیر کمیٹی رابطہ کمیٹی کی کال پر مظاہرے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی سے شرکت کی اپیل کی۔