آسٹریا میں ایسٹرا زینیکا ویکسین عوام کو دوبارہ لگائی جارہی ہے

June 13, 2021

ویانا(اکرم باجوہ) آسٹریا میں ایسٹرا زینیکا ویکسین ایک بار پھر لوگوں کو لگائی جا رہی ہے۔وزیر صحت وولف گینگ میکسٹین کے مطابق ویکسی نیشن پروگرام تیز اور تیز تر ہورہا ہے۔ آج تک 20 لاکھ سے زیادہ افراد اور اس طرح ویکسین قابل آبادی کا ایک چوتھائی مکمل طور پر حفاظتی ٹیکے لگا چکے ہیں۔ اس طرح ہم ایک اور سنگ میل کو پہنچ چکے ہیں۔ وزیر میکسٹین کا کہنا ہے کہ آسٹریا میں رہنے والے افراد کورونا سے تحفظ چاہتے ہیں اورویکسی نیشن پر بھروسہ کرتے ہیں۔ میں ہر ایک سے اپیل کرتا ہوں ویکسین لگوائیں یہ معمول کی سمت فیصلہ کن اقدام ہے۔آسٹریا میں ویکسی نیشن میڈیا کی معلومات کے مطابق وزارت صحت ایسٹرا زینیکا سے مزید ویکسین کی خوراکیں لگاناچاہتی ہے۔ جمعہ کو وزارت صحت نے ایک اور ویکسین سنگ میل کا اعلان کیا آج تک 2011639 افراد (25.55 فیصد) ویکسین قابل آبادی کو ویکسینیشن کا مکمل تحفظ حاصل ہے۔ 4103875 افراد (ویکسین قابل آبادی کا 52.13 فیصد) کم از کم ایک کورونا ویکسینیشن حاصل کرچکے ہیں۔