سکاٹ لینڈ میں کورونا وائرس انفیکشن کے 1011 نئے کیسز

June 13, 2021

گلاسکو (طاہر انعام شیخ) نیشنل ریکارڈز آف سکاٹ لینڈ کے مطابق گزشتہ روز سکاٹ لینڈ میں کورونا وائرس انفیکشن کے 1011 نئے کیسز پائے گئے، جو گزشتہ چار ماہ کے دوران سب سے زیادہ تعداد ہے۔31؍مئی سے 6؍جون تک کورونا کے باعث 8اموات واقع ہو ئیں اور یوں اب تک کورونا سے ہونے والی اموات کی کل تعداد 10130؍ہوگئی ہے۔ سکاٹس حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی اختیارات جو کہ اس سال ستمبر میں ختم ہو رہے تھے، اب ان کو آئندہ سال مارچ تک بڑھانے کا پروگرام رکھتی ہے۔دریں اثناء سکاٹس فرسٹ منسٹر نکولا اسٹرجن نے طلبہ کو یقین دلایا ہے کہ امتحانات منسوخ ہونے پر سکول اسسٹنٹ پر گزشتہ سال کی طرح اس بار بدانتظامی نہیں ہوگی، اور اس سال ان کے سالانہ رزلٹ سکولوں کی سابقہ پرفارمنس اور معیار کی بنا پر کم نہیں کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال حکومت کو طلبہ کے شدید احتجاج پر یوٹرن لیتے ہوئے 75؍ہزار طلبہ کے گریڈز کو بہتر بنانا پڑا تھا۔