مئی 2019 کے مقابلے میں ہیتھرو کے مسافروں میں گزشتہ ماہ 90 فیصد کمی

June 13, 2021

لندن (پی اے) برطانیہ کے مصروف ترین ائرپورٹ کا کہنا ہے کہ ہیتھرو پر مسافروں کی تعداد کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک سے پہلے کی سطح سے 90 فیصد کم رہی ہے۔ ائرپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ویسٹ لندن ائرپورٹ سے صرف 675000 مسافروں نے سفر کیا جبکہ مئی 2019 میں یہ تعداد 6769000 تھی۔ ہیتھرو ائر پورٹ کے چیف ایگزیکیٹو جان ہالینڈ کے نے کہا کہ جی سیون اجلاس شروع ہو گیا ہے اور منسٹرز کے پاس گرین گلوبل ریکوری پر اتفاق کرتے ہوئے انٹرنیشنل ٹریول کو بحفاظت دوبارہ سے شروع کا موقع ہے، اس کے ساتھ ساتھ پائیدار ایوی ایشن فیول (ایس اے ایف ایس) کیلئے مینڈیٹ بھی طے کیا جائے جس سے ایوی ایشن انڈسٹری کو ڈی کاربونائز کیا جا سکے گا۔ ہیتھرو ائر پورٹ نے گرین ٹریول لسٹ کا فیصلہ کرنے کیلئے استعمال ہونے والے ڈیٹا میں ٹرانسپیرنسی فراہم کرنے سے انکار پر منسٹرز پر تنقید کی ہے۔ ائرپورٹ نے حکومت پر زور دیا کہ سائنس پر انحصار کرتے ہوئے ماہ رواں کے آخر میں اپنے اگلے ریویو میں امریکہ جیسے لو رسک ملکوں کیلئے انٹرنیشنل ٹریول دوبارہ شروع کرے۔ ایس اے ایف ایس کروڈ آئل کے سوا دوسرے میٹریل استعمال کرتے ہوئے تیار کیا جاتا ہےاور یہ تقریباً 70 فیصد کم کاربن خارج کرتا ہے۔ یہ روایتی ایندھن کے مقابلے میں زیادہ مہنگا ہے لیکن امید کی جاتی ہے کہ ٹیکنالوجی کی ایڈوانسمنٹ سے اس کی لاگت میں کمی آ جائے گی۔ ہیتھرو ائرپورٹ نے گزشتہ ہفتے ایس اے ایف کی اپنی پہلی ڈلیوری لی ہےلیکن اس کا کہنا ہے کہ ڈیمانڈ میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے درست حکومتی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔ ہیتھرو ائرپورٹ جی سیون کانفرنس میں ورلڈ لیڈرز سے یہ چاہتا ہے کہ وہ 2030 تک 10 فیصد ایس اے ایف کے استعمال کا وعدہ کریں اور اسے 2050 تک بڑھا کر کم از کم 50 فیصد کر دیا جائے اور اسے دوسرے لوکاربن پروجیکٹس کے کک سٹارٹ کی طرح مراعات بھی دی جائیں۔