سی ڈی اے کا تجاوزات کیخلاف آپریشن، تعمیرات مسمار، اراضی واگزار

June 13, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے ہفتہ کے روز ہفتہ وار تعطیل کے باوجود بری امام کے علاقے میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن کا آغاز محلہ لس میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سے کیا گیاجہاں پر بھاری مشینری کی مدد سے 5 غیر قانونی دکانیں، 4 واش رومز، 5 کمرے، 6 چار دیواریاں بمعہ داخلی دروازے اور 4 مزید گھروں کی غیر قانونی تعمیر کے لئے بنائی گئی بنیادوں اور DPC کو مسمار کر کے سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی ۔ بعدازاں رملی گاؤں بری امام میں بھی غیر قانونی تعمیرات کی شکایات پر کارروائی کی گئی۔ سی ڈی اے عملے نے جونہی ایک گھر کو گرانے کا عمل شروع کیا تو مقامی افراد اور خواتین موقع پر اکٹھے ہو گئے جنہوں نے مزاحمت کرنا شروع کر دی جس پرمزید کارروائی موخر کر دی گئی۔ مزاحمت کاروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے متعلقہ تھانے میں درخواست دائر کر دی گئی ۔