حکمران ، سیاستدان نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں، حامد موسوی

June 13, 2021

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) قائدتحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ خواتین کو عزت و حرمت سے ہمکنار ہونے اور اپنا اصل مقام حاصل کرنے کیلئے خانوادہ رسالت ؐ کی خواتین کی پیروی کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو حضرت فاطمہ بنت امام موسیٰ کاظم معصومہ قم کی ولادت کے موقع پر ’’یوم عظمت نسواں ‘‘کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔آقای موسوی نے باور کرایا کہ پروردگار عالم نے انسان کو شر ف و فضل سے نوازا ہے معیار فضیلت زہدو تقویٰ ہے اور لفظ انسان کا اطلاق زن و مرد پر ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر مسلم ریاستیں عالمی شیطانوں کا نشانہ ہیں تو اسکی بنیادی وجہ وہاں کے حکمران ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ختمی مرتبت ؐ نے عورت کو عزت و وقار کی منزلت سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والے وطن عزیز کے ارباب حکومت پر لازم ہے کہ وہ طبقہ نسواں کی عزت و حرمت اور حقوق کیلئے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دشمن کے حصار میں دہشتگردی سے دو چار ہے،عساکر پاکستان کے سپوت آئے دن مشترکہ دشمن کے حملوں،جارحیت کی بزدلانہ کارروائیوں میں جانوں کے نذرانے پیش کرکے دہشتگردوں کی کمر توڑرہے ہیں جن کی حتمی فتح یقینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران و سیاستدان دین و وطن کی عزت و حرمت اور سلامتی کیلئے ذات و جماعت کے خول سے نکل کر اسلام کے اصولوں کو ترجیح دیتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ، ممنوعہ گروپوں کے سربراہوں ، سہولت کاروں کو آہنی شکنجے میں جکڑیں تا کہ ملک و امن و امان کا گہوارہ بنایا جا سکے۔