فواد چوہدری پنجاب کا وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں: سید ناصر حسین شاہ

June 13, 2021


وزیر اطلاعات سندھ سید ناصرحسین شاہ نے کہا ہے کہفواد چوہدری پنجاب کا وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں اور وہ زرداری صاحب کے خلاف بات کرکے اپنی نوکری پکی کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سید مراد علی شاہ ایک انتہائی کامیاب اور طاقتور وزیراعلیٰ ہیں۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی صلاحتیوں سے وفاق نہ صرف پریشان ہے بلکہ خوف زدہ بھی ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف وفاق سازشیں کر رہا ہے، ہمیں سب معلوم ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری این ایف سی کے تحت دیئے گئے فنڈز کا حساب لینے کا حق نہیں رکھتے، یہ سندھ اسمبلی کو حق ہے کہ سندھ حکومت سے پائی پائی کا حساب لے اور یہ حساب سندھ حکومت اسمبلی میں دیتی ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وفاقی وزیر شاید ربڑ اسٹیمپ اپنے سلیکٹڈ وزیراعظم کو کہہ رہے تھےِ، وفاقی حکومت نے ارسا کو یرغمال بنا رکھا ہے.

سید ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کے خواب دیکھنا بند کریں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر قوم پرستی کی سیاست کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ بدقسمتی سے قوم پرستی کی سیاست کر رہے ہیں، لوگ مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ میں گورنر راج لگا دیں لیکن آئین میں اس کی گنجائش نہیں، آرٹیکل 140 اے کے نفاذ سے ہی سندھ کو اس کا حق مل سکتا ہے۔